بے نامی جائیدادوںکے خلاف محکمانہ اقدامات تیز کردئیے گئے،نشاندہی کرنے والوں کو پرکشش انعامات دینے کا اعلان

ہفتہ 21 ستمبر 2019 22:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) :حکومتی ہدایات پر بے نامی جائیدادوںکے خلاف محکمانہ اقدامات تیز کردئیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرنے والوں کے لئے پرکشش انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر طارق خاں نیازی اور ڈپٹی کمشنرفیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) محمد ذیشان نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں امتناع بے نامی جائیدادقانون، بے نامی جائیدادوں کی نوعیت،ان کی نشاندہی اور اطلاع دہندہ کے لئے انعام کے طریقہ کار سے آگاہی کے لئے منعقدہ میڈیا بریفنگ /سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگانے کے لئے مختلف ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں تاہم اس میں کامیابی کے لئے میڈیا سمیت سول سوسائٹی اور دیگر مختلف طبقات کا تعاون ناگزیر ہے تاکہ کرپشن فری پاکستان کے لئے حکومت کے ویژن کی کماحقہ تکمیل ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نامی جائیدادوں کی اطلاعات فراہم کرنے والوں کے نام صیغہ رازمیں رکھے جائیں گے اور انہیں مکمل تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے وسیع تشہیری مہم کے ذریعے شہریوں کا تعاون حاصل ہے جبکہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے ایف بی آر سے بھی موثر رابطہ ہے۔ڈپٹی کمشنر ایف بی آر محمد ذیشان نے وضاحت کی کہ ہر وہ جائیداد بے نامی ہے جس کی خریداری کے لئے فنڈز کے ذرائع ظاہر نہ کئے جاسکیں۔انہوں نے بتایا کہ ذاتی فنڈز سے ذاتی فائدے کے لئے خود خریدی گئی پراپرٹی بے نامی نہیں ہوگی اس کے علاوہ دیگر مشتبہ /فرضی پراپرٹی بے نامی ہوسکتی ہے ۔

انہوںنے وضاحت کی کہ بیوی،خاوند،بچوں کے نام پر معلوم وظاہر کردہ ذرائع سے خریدی گئی پراپرٹی اور بہن بھائی یا خونی رشتہ کی مشترکہ پراپرٹی بے نامی کے زمرے میں نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ عام طورپر بینکوں کے نادہندہ افراد پراپرٹی کسی دوسرے کے نام ر رجسٹرڈ کراتے ہیں تاکہ ان سے ریکوری نہ ہوسکے یا پھر ٹیکس بچانے کے لئے پراپرٹی کو بے نامی رکھا جاتا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ 20لاکھ روپے تک کی بے نامی پراپرٹی کی نشاندہی کرنے والوں کو پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو کا 5فیصد بطور انعام دیا جائے گا جبکہ 20سے 50لاکھ روپے تک مالیت کی پراپرٹی کی نشاندہی کرنے والے ایک لاکھ روپے اورپراپرٹی کی مالیت کے 4فیصد انعام کے حقدار ہونگے اسی طرح 50لاکھ روپے سے زائد پراپرٹی کی نشاندہی کرنے والوں کے لئے 2لاکھ 20ہزار روپے اورپراپرٹی کی مالیت کا 3فیصد انعام مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نامی پراپرٹیز کی معلومات واطلاعات کی فراہمی کے ساتھ بعض بنیادی ثبوت فراہم کرنے ہونگے جبکہ مزید جانچ پڑتال وتحقیقات ایف بی آر کی طرف سے کی جائیں گی۔انہوں نے میڈیا نمائندگان سے کہا کہ وہ بے نامی قوانین پر موثرانداز میں عملدارآمد کرنے کے لئے اپنی معاونت فراہم کریں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں