طلباء و طالبات میں ابلاغیاتی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کیلئے ویک اینڈ پروگرام کے تحت سپوکن انگلش کلاسز کا مفت اجراء کیا جائے گا , وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف

ہفتہ 21 ستمبر 2019 22:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) :زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زیرتعلیم طلباء و طالبات میں ابلاغیاتی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کیلئے ویک اینڈ پروگرام کے تحت سپوکن انگلش کلاسز کا مفت اجراء کیا جائے گا تاکہ انہیں دوسروں کے مقابلہ میں پیشہ وارانہ اُمور میں حاصل کامیابیوں کے بھرپور اور موثر اظہار کے قابل بنایا جا سکے۔

یہ بات زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس کے زیراہتمام پی ایچ ڈی سکالرز کی ٹیچنگ اسسٹنٹس کے طور پر فیکلٹی سٹاف میں شمولیت پر منعقدہ ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی جامعات ان حکومت کیلئے تھنک ٹینک کا کام کرتی ہیں جن کے تحقیقاتی نتائج کی روشنی میں حکومت کو قابل عمل سفارشات کوپالیسی سازی میں سنجیدگی سے زیرغور لایا جاتا ہے تاہم پاکستان میں اس حوالے سے ایک طرف جامعات کو اپنی تحقیقاتی ترجیحات کو قومی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا تو دوسری جانب حکومت کو بھی جامعات سے سامنے آنیوالی آراء و تجاویزکو سنجیدگی سے زیرغور لانے کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیچنگ اسسٹنٹس پر زور دیا کہ خود کو تدریسی و تحقیقی اُمور میں ہر پہلو سے روشناس کرواتے ہوئے دوسروں سے نمایاں و ممتاز بنائیں جس کیلئے انگریزی زبان پر ان کا عبور اور ابلاغیاتی صلاحیتیں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ساڑھے چھ برس تک یونیورسٹی کلیہ سائنسز کے ڈین رہے ہیں تاہم کبھی ایک دن بھی ایسا نہیں آیاجب وہ کلاس سے غیرحاضر رہے ہوں یا کسی جونیئر کو کلاس میں پڑھانے بھیجا ہو۔

انہوں نے ڈائریکٹراکیڈمکس ڈاکٹر یاسر جمیل کو ہدایت کی کہ اکیڈمک کونسل کے آمدہ اجلاس کیلئے ویک اینڈ پر کمیونی کیشن سکلز پروگرام کا ایجنڈا تیار کریں تاکہ اس کی منظوری کے بعد جامعہ زرعیہ کے طلبہ کی ابلاغیاتی صلاحیتوں کو ملک بھر کی جامعات میں سب سے بہتر بنانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ میدان میں محض زیادہ نمبر ہی کافی نہیں بلکہ کامیابی کیلئے اپنی بات کو موثر انداز میں دوسروں تک پہنچانا زیادہ اہم ہے جس کیلئے رواں سمسٹر سے ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر یاسر جمیل نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ٹیچنگ اسسٹنٹس کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ دوسرے اُمور کے ساتھ ساتھ ٹیچنگ اسسٹنٹس کورس میٹریل کو ویب سائٹ پر اًپ لوڈ کرنے میں بھی اپنے متعلقہ اُستاد کی مددکرناہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹیوں میں نیا علم سامنے لانے میں پوسٹ گریجوویٹ طلبہ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور پی ایچ ڈی کا طالب علم ہوتے ہوئے ٹیچنگ اسسٹنٹس اپنے ساتھ ساتھ جونیئر طلبہ کی بھی تحقیقی اُمور میں مدد و رہنمائی کریں تاکہ وہ پیشہ وارانہ کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر گزشتہ سمسٹر کے دوران پوسٹرزمقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ اور ججز میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں