نوجوانوں کومستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے متعین کردہ راستے پر چلنا ہوگا ،صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں

پیر 23 ستمبر 2019 19:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے متعین کردہ راستے پر چلنا ہوگا اور نوجوانوں کو اس بات کا بھی علم ہونا چاہیے کہ پاکستان کے اغراض و مقاصد کیا ہیں قائداعظم تو انگریزوں سے آزادی چاہتے تھے لیکن ہندووں نے ہمیں مجبور کیا کہ ہم آزاد ہند کی بجائے مسلمانوں کیلئے الگ خطے کا مطالبہ کریں۔

بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل ہم سب پاکستانی ہیں ہمارا اختلاف صرف بات یا مذاکرات تک ہونا چاہیے شدت پسندی کسی مسئلے کا حل نہیںہمیں اپنے رویوں اور کردار کو مثبت بنانا ہے۔یہ بات صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں’’ نوجوانان پاکستان سیمینار‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے کی اس سیمینار میں دیگر مہمانان میں صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن ، ایم این اے رائے مرتضی اقبال، ڈی جی آئی آئی یو آئی ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈائریکٹر کرسچین سٹڈی سنٹر جینیفرجیگ جیون ،پروفیسر نذیر حسین، ایڈیشنل ڈی جی قائداعظم اکیڈمی احمد خاور شہزاد، ڈاکٹر اسماء آفتاب، ڈائریکٹر یوتھ امپیکٹ صائمہ شاہدشامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ طلباپر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام ترتوجہ حصول علم پرمرکوز رکھتے ہوئے صداقت،شجاعت،عدالت کے فلسفے کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ مستقبل میں وطن عزیز کی خدمت کے لئے یہی رہنما اصول کارگرثابت ہونگے۔انہوںنے کہا کہ قیام پاکستان کے اصل مقاصد حاصل کرنے کے لئے ہمیں قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے اور کام،کام اور صرف کام کے اصول پر کاربند ہو کر ہی تکمیل پاکستان کی حقیقی منازل حاصل کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان کے ہاتھوں میں ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے نوجوان سائنس او ٹیکنالوجی کے علوم پر دسترس حاصل کرکے اپنے آپ کو تیار کریں ۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ نوجوان کی عمدہ کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ نوجوان نسل صلاحتیں نکھر کر سامنے آسکیں۔

وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کی اصلاح اور تربیت پر بات کی ۔سیمینار سے صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات انتہائی دانشمندانہ رویے کا تقاضا کرتے ہیںایک طرف کشمیر میں بھارتی مظالم دوسری طرف دہشتگردی کا خطرہ ہے دشمن ہمیں فرقہ واریت میں ڈال کر ہمیں شکست دینا چاہتا ہے ہمیں گروہی، صوبائی اور لسانی تقسیم کو ختم کرکے سچے پاکستانی بننا ہے ہمیں اس ملت کی پاسبانی کیلئے ایک ہونا ہے۔

سیمینار کے آخر میں صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن نے پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لئے دُعا کرائی۔اس سے قبل یونیورسٹی کے طلبہ نے ملی نغمہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے مہمانوں اور منتظمین میں شیلڈز تقسیم کیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں