فیصل ۱ٓباد میں 16 کولیکشن اینڈ ٹرانسفر سیکشنز کے ذریعے کوڑا کرکٹ جمع اور سنٹرل ڈسپوزل ہیڈ کوارٹر محمد والالے جا کر ڈسپوز ۱ٓف کیا جارہا ہے، فیصل آباد شہر میں روزانہ 1600میٹرک ٹن کوڑا پیدا ہورہا ہے جبکہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے پاس صرف 1250 میٹرک ٹن کوڑے کو ٹھکانے لگانے کی صلاحیت موجود ہے، توقع ہے کہ بہت جلد کوڑا اٹھانے کی صلاحیت 1350سے 1400 میٹرک ٹن ہو جائے گی، کمپنی صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے نئے ورکرزبھرتی اور مشینری بھی خرید رہی ہے ،کاشف رضا اعوان

پیر 14 اکتوبر 2019 15:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) چیف ایگزیکٹوآفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان نے کہاہے کہ فیصل ۱ٓباد میں 16 کولیکشن اینڈ ٹرانسفر سیکشنز کے ذریعے کوڑا کرکٹ جمع اور سنٹرل ڈسپوزل ہیڈ کوارٹر محمد والالے جا کر ڈسپوز ۱ٓف کیا جارہا ہے جبکہ فیصل آباد شہر میں روزانہ 1600میٹرک ٹن کوڑا پیدا ہورہا ہے تاہم فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے پاس صرف 1250 میٹرک ٹن کوڑے کو ٹھکانے لگانے کی صلاحیت موجود ہے ، توقع ہے کہ بہت جلد کوڑا اٹھانے کی صلاحیت 1350سے 1400 میٹرک ٹن ہو جائے گی جس کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے کی غرض سے نئے ورکرزبھرتی اور مشینری بھی خرید رہی ہے ۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کوڑا اٹھانے کی استعداد کار کو بڑھایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا ہے کہ شہر کی صفائی ستھرائی کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے سونپے گئے اہداف کو حاصل کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں تمام مالی و انسانی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ مانیٹرنگ رپورٹس فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی بہترین کارکردگی کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کے اعتبار سے فیصل آباد پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہے تاہم محدود وسائل کے باوجود یونین کونسلوں میں صفائی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبے محنت اور تندہی سے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاہم بہتری کی گنجائش ہر جگہ ہر وقت موجود رہتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کیلئے علماء کرام،تاجر کمیونٹی،اساتذہ کرام،غیر سرکاری اداروں اور این جی اوز کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے اور انکی تجاویز کو مقدم رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوںپر اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر کمیونٹی ،دوکانداروں اور عوام کو مارکیٹس کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی تاہم جگہ جگہ گندگی پھیلانے والوں کو جرمانے بھی کئے جائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کے مثالی اقدامات کئے جا رہے ہیںاوریونین کونسلوں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اضافی وسائل کے استعمال کے ساتھ ساتھ نگرانی کے عمل کو بھی مئوثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کوبھی چاہئے کہ وہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے تعاون کریں اور خالی پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے کی بجائے کمپنی کے رکھے گئے کوڑے دان کو استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے عمل کیلئے تشکیل دی گئی مانیٹرنگ ٹیمیں فیلڈ سٹاف کی نگرانی کو یقینی بنارہی ہیں کیونکہ شہر میں صفائی کے نظام کی بہتری ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویسٹ ورکر ز روزانہ کی بنیاد پر گھروں سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرکے ٹرانسفر سٹیشن تک منتقل کررہے ہیں اور زیرو ویسٹ پالیسی پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد ممکن بنایا جارہا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں