عوام کو بلاجواز مہنگائی سے بچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ، ڈپٹی کمشنر

منگل 15 اکتوبر 2019 18:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ عوام کو بے جا اور بلاجواز مہنگائی کے مسائل سے بچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے غیر معمولی اقدامات کئے جارہے ہے۔ اس ضمن میں بازاروں میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لئے سرکاری سطح پر سستے بازاروں کے انعقاد کے لئے حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر کے احاطہ میں شہریوں سے ملاقات کے دوران بتائی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹرز)عفیفہ شاجیہ،اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)زوہا شاکرودیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی کنٹرول قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لینے میں تاخیر نہیں ہوگی اور تھوک وپرچون مارکیٹوں میں معاشی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں گے تاکہ صارفین کو دعکانداروں کے استحصال سے بچایا جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ناجائز منافع خوری کے خلاف شکایات کے لئے ٹال فری نمبر0800-02345متعارف کرایا ہے تاکہ شہری اشیائے ضروریہ کے گرانفروشوں کے خلاف شکایات درج کرا سکیں جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ تحفظ ماحول کے لئے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

اس ضمن میں معاشرے میں وسیع بنیادوں پر آگاہی پیدا کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے متعلقہ محکموں کو جلد کارروائی کی ہدایت کی اور درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ انہیں ریلیف کی فراہمی تاخیر نہیں ہوگی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ضلع کچہری میں رجسٹریشن برانچ کا اچانک دورہ کیا اور بدانتظامی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اصلاح احوال کی ہدایت کی۔

انہوں نے حکم دیا کہ جائیدادوں کی رجسٹریشن کے وقت دستاویزات پر فریقین کے موبائل فون نمبرز ضرور درج کئے جائیں جن سے وہ خود رابطہ کرکے کسی قسم کی تاخیر،مشکل،رشوت ستانی یا دیگر بے قاعدگی کے بارے میں دریافت کریں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ٹیلی فون نمبرزکے عدم اندراج یا فون بند ملنے کی صورت میں انچارج رجسٹریشن برانچ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں