پنجاب سیڈ کونسل نے زرعی یونیورسٹی کی متعارف کردہ سرسوں کی UAF-11 براسیکا اور قنواورائٹی کی منظوری دے دی، پروفیسر محمد اشرف

منگل 15 اکتوبر 2019 23:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) پنجاب سیڈ کونسل نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین کی طرف سے متعارف کی گئی سرسوں کی UAF-11 براسیکا اور قنواورائٹی کی منظوری دے دی ہے جسے حالیہ برسوں میں کسی بھی ٹیکنالوجی یونیورسٹی کی اہم کامیابی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز)نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی میں یونی فوڈزاور یونی واٹر کے حوالے سے بریفنگ میں حصہ لیتے ہوئے کہیں۔

ڈاکٹر اشرف نے بتایا کہ انہوں نے یونیورسٹی قیادت سنبھالنے کے مختصر عرصہ کے دوران فارم ڈی کے ڈگری پروگرام کی منظوری کے ساتھ ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تین درجن سے زائد ڈگری پروگرامز کی منظوری حاصل کی گئی ہے جبکہ ہائی ٹیک لیبارٹری کو ISOسرٹیفکیشن کی حامل لیب بنوانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی مارکیٹ اکانومی میں اپنا سکہ منوانے والی تمام بڑی کمپنیوں نے جامعات میں ہی آنکھ کھولی تھی لہٰذا پاکستان اس حوالے سے خوش قسمت ترین ملک ہے کہ اس کی 65آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو اپنی جامعات کے ذریعے تمام حوالوں سے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے پنجاب سیڈ کونسل کے حالیہ اجلاس میں منظور کی جانیوالی دونوں ورائیٹوں کے ٹیم لیڈر ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت اور ڈاکٹر شہزاد مقصود بسراکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں جامعات ہی بزنس اختراعات اورنئے رجحانات متعارف کروانا میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اگر یونیورسٹی طلبہ خصوصاً فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی اور بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کرنے والوں کو اس وقت تک ڈگری عطاء نہ کی جائے جب تک وہ اپنے ذہن و قلب میں انگڑایاں لینے اور بے چینی پیدا کرنے والے بزنس آئیڈیاز کو عملی شکل سے ہمکنار نہیں کر لیتے۔

اس موقع پر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے بتایا کہ ان کی ٹیم یونی واٹر اور یونی فوڈز کی جملہ آئٹمزکی منفرداور جاذب نظر پیکنگ کو اپنی مارکٹنگ حکمت عملی کی ترجیح بناتے ہوئے آئی بی ایم ایس کے طلبہ کومارکٹنگ ٹیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جس کے ذریعے انہیں مصنوعات کی تیاری سے لیکر صارف کی میزتک پہنچانے کے تمام مراحل میں تربیت فراہم کی جا سکے۔آئی بی ایم ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مشتاق نے بتایا کہ ان کی ٹیم مصنوعات کی برینڈنگ اور ویڈیو اشتہار پر کام کر رہی ہے جو بہت جلد انتظامیہ کو پیش کر دیا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں