آئندہ نسل کی حفاظت اور تربیت معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے ، آر پی او فیصل آباد

منگل 15 اکتوبر 2019 23:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) آئندہ نسل ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہے جس کی حفاظت اور تربیت معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ یہ بات فیصل آباد کے ریجنل پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر نے آج بچوں کے اغوا ء کے دو الگ الگ کیسوں کا سراغ لگانے پر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقارشعیب کے اعزاز میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے دی جانے والی ’’تقریب ستائش ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کمیونٹی پولیس کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ لوگوں کے تعاون کے بغیر جرائم پر قابو پانا مشکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امن وا مان کی بحالی میں بھی پولیس کا کردار صرف 10سے 15فیصد تک ہوتا ہے جبکہ باقی کام معاشرے کے دوسرے حصہ دار علماء، والدین، محلہ دار اور تعلیمی ادارے وغیرہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بچوں کے اغواء کے کیس کے سلسلہ میں بھی بتایا کہ ان مقدمات میں لوگوں نے پولیس پر اعتماد کیا اور بے جا دبائو نہیں ڈالا جس کی وجہ سے ملزموں کا سراغ لگانے میں آسانی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سو فیصد جرائم کا سراغ نہیں لگایا جاتا تاہم جن کیسوں کا سراغ لگالیا جاتا ہے ان میں معاشرے کو ضرور پولیس کو شاباش دینی چاہیے تاکہ اُن کا حوصلہ بلند ہو اور وہ پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ’’ پولیس کی جان آپ لوگوں کیلئے ہے‘‘۔ اس مشن سے وہ کام کرتے ہیں مگر یہ تلخ حقیقت ہے کہ پچاس سال کے بعد بہت کم پولیس والے نارمل رہتے ہیں اور اس لمبے سفر میں انہیں شہادتیں بھی دینا پڑتی ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک کاروباری دوست کے حوالے سے بتایا کہ رات کو نو بجے انہوں نے فون کیا اور کہا کہ میں بھی کام کررہا ہوں اور آپ بھی کام کررہے ہیں لیکن دونوںمیں واضع فرق ہے۔ تاجر حضرات منافع کمانے کیلئے دیر تک کام کرتے ہیں مگر ہم صرف عوام کے تحفظ کیلئے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی طور پر ہمارا معاشرتی ڈھانچہ تنزلی کا شکار ہے۔

کیونکہ ہم اپنی اخلاقی ، سماجی اور معاشرتی روایات کو چھوڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے مغرب کی بے لگام معاشرت کے حوالے سے بتایا کہ اُن کے پاس اپنے معاشرے کی تباہی پر غور کرنے کا بھی وقت نہیں جبکہ ہمیں ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا کے اپنے معاشرے اور روایتی خاندانی نظام کو بچانا ہو گا۔ انہوں نے کمیونٹی پولیسنگ کو بھی ہماری پرانی روایات کا امین قرار دیا اور کہا کہ جرائم کے علاوہ بھی بہت سے معاملات ہوتے ہیں جن کو صرف مل بیٹھ کر ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے آج کی تقریب کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس قسم کی تقریبات تواتر کے ساتھ ہونی چاہیں تاکہ ہم اپنی غلطیوں اور خامیوں کی نشاندہی کر کے اُن کے حل کیلئے مناسب اقدامات اٹھا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد چیمبر کو اچھے پولیس افسروں کے علاوہ اچھے والدین اور اچھے علماء کرام کو بھی اپنے پلیٹ فارم پر بلا کے اُن کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے تاکہ سوسائٹی میں اچھے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو ۔

انہوں نے امریکہ میں اپنے قیام کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے دنیا کے بہترین ملک میں تیسرے درجہ کے شہری کے طور پر رہنے کی بجائے اپنے وطن میں اول درجہ کے شہری کے طور پر رہنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے پاکستان کو ماں سے تشبیہ دی اور کہا کہ وہ غیر ملکی ویزوں پر تھوکتے ہیں جبکہ بہت سے لوگ ان ویزوں کیلئے پاگل ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈی پی او شعیب وقار نے بتایا کہ بچوں کے اغواء کے واقعات صرف والدین کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2سال تک کا بچہSensory/Modeمیں ہوتا ہے جبکہ 2سے 7سال تک کی عمر پری آپریشنل اور7سے 11سال تک کی عمر آپریشنل سٹیج ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پری آپریشنل عمر میں بچوں کو دوست یا دشمن کا پتہ نہیں ہوتا اور حالیہ کیس بھی والدین کی لا پرواہی کی وجہ سے ہوئے۔ اوائل عمری میں بچوں کو مکمل حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے مگر انہیں گلی میں اکیلے کھیلنے کیلئے چھوڑ دیا گیا اور کئی گھنٹے تک والدین کو پتہ ہی نہیں چلا کہ اُن کے بچے کہاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کیس کا سراغ لگانے کیلئے چار پانچ دن ’’ریکی‘‘ کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کو والدین کی آگاہی کیلئے خصوصی پروگرام منعقد کرنے چاہیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات نہ ہوں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ آج کی تقریب کا مقصد پولیس کے ذمہ دار افسر ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص پولیس پر تنقید تو کرتا ہے مگر عموماً ان کے اچھے کاموں کی تعریف سے اجتناب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے اغواء کے کیس میں پولیس نے انتہائی ذمہ داری اور فرض شناسی کا ثبوت دیا ہے جس سے پورے ریجن میں پولیس کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ریجنل پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ پولیس فورس کیلئے رول ماڈل ہیں اور ان کے دور میں پولیس کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سوال و جواب کی نشست میں سید ضیاء علمدار حسین، چوہدری محمد بوٹا، شاہد احمد شیخ، ریحان نسیم بھراڑہ،کاشف ضیاء ، تنویر ریاض اور چوہدری اصغر نے حصہ لیا۔ جبکہ سینئر نائب صدر ظفر اقبال سرور نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ آخر میں ریجنل پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ وقارشعیب کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈیں بھی پیش کی گئیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں