چہلم حضرت امام حسین کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کی جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:54

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے چہلم حضرت امام حسین ٰ کے حوالے سے جامع حفاظتی وانتظامی اقدامات کئے گئے ہیں جن پر کامیاب عملدرامد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام ،تاجروں اور سول کے نمائندوں کا تعاون ہمیشہ قابل ستائش رہا ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ضلعی امن کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایس ایس پی اپریشنز سید علی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز زوہا شاکر،ناذیہ موہل،عمردراز گوندل،فیصل سلطان،محمد طیب،خرم شہزاد بھٹی،ایم ڈی ویسٹ میجنمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان ودیگرافسران کے علاوہ مولانا محمد یوسف انور،مفتی محمد ضیا مدنی،سیدجعفر نقوی،مولانا ریاض کھرل،میاں تنویر ریاض،یسین ظفر،اسلم بھلی،عبدالرشید‘ڈاکٹر ممتاز حسین،محمود عالم جٹ،سعید بٹ اور دیگربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی کے سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام کی قابل ستائش خدمات کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام میں مثالی تعاون کے نتیجہ میں امن وسکون برقراررہا جس کا سہرا امن کمیٹی کے سر ہے۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چہلم محرم الحرام کے موقع پر بھی اپنی شاندارروایات کو قائم رکھتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی،رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ امن کی راہ میں کوئی خلل یا رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ علما کرام کی طرف سے نشاندہی کئے گئے بعض مسائل کے حل کے بھی موثر اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان سے گہرا رابطہ رکھا جائے گا اور ان کی رہنمائی میں چہلم حضرت امام حسین کو پرسکون انداز میں گزاریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں موجود مختلف محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ چہلم محرم الحرام کے موقع پر عشرہ محرم کے طرز کے انتظامات ہونے چاہیں اس ضمن میں متعلقہ محکمے اپنے ذمہ ٹاسک کو احسن انداز میں انجام دیں۔

انہوں نے جلوسوں ومجالس کے راستوں سے ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمہ،گٹروں کے ڈھکن کی موجودگی،معیاری صفائی ستھرائی،ٹریفک کے متبادل راستوں کا تعین ودیگر اقدامات کو قبل از وقت مکمل کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی کنٹرول روم کو فنکشنل رکھا جائے اور اہم جلوسوں کے راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ورکنگ کو بھی چیک کریں۔ایس ایس پی اپریشنزنے علما کرام کی مثالی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اوربتایا کہ چہلم کے موقع پر بھی ضلعی پولیس کی طرف سے بھرپور حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے تاہم منتظمین بھی اپنے سیکیورٹی گارڈز کو چوکس رکھیں تاکہ کسی شرپسند کو شرارت کا موقع نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کو سیکیورٹی حصارمیں رکھا جائے گا جس کے لئے تمام تر ضروری امور مکمل کئے جارہے ہیں۔امن کمیٹی کے ارکان نے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد علی کو خوش آمدید کہتے ہوئے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر بھی امن وامان ومذہبی ہم آہنگی کے قیام کے سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے چہلم کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ وپولیس کے انتظامی وحفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کی کامیابی کے لئے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ چہلم حضرت امام حسین 20 صفر اتوار 20 اکتوبر کو مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا اور مجموعی طور پر 29 جلوس ومجالس منعقد ہونگی جن میں مرکزی امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ سنت سنگھ والا کا جلوس کیٹگری اے جبکہ دیگر جلوس ومجالس کیٹگری سی میں شامل ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں