دیہی خواتین زراعت کے فروغ میں حصہ ڈال کر غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ، عاصمہ اعجاز چیمہ

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:54

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) دیہی خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے پاکستان گرلز گائیڈایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پروین شاکر کمپلیکس میں تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس عاصمہ اعجاز چیمہ تھیں۔ ایم پی ای/ریجنل گائیڈ کمشنر بیگم خالدہ منصور،گائیڈکمشنر آمنہ احسان،پرنسپل گرلز ڈگری کالج ایوب ریسرچ/ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر سائرہ خانم،رابعہ روحیل،رخسانہ قمر،نورین شازیہ اوردیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی خواتین زراعت کے فروغ،خوراک کی دستیابی کویقینی بنانے اور دیہی علاقوں سے غربت کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہیں جن کی حوصلہ افزائی جاری رہنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کے عالمی دن کو منانے کا مقصد انہیں درپیش مسائل،معاشرے میں ان کے کردار اورحقوق کواجاگر کرنا ہے اور اس سلسلے میں حکومتی سطح پر اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھیتی باڑی،مویشیوں کی دیکھ بھال،فصلوں کی کٹائی اور بالخصوص کپاس کی چنائی جیسے فرائض احسن انداز میں انجام دے رہی ہیں جن کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے گرلز گائیڈ کے زیراہتمام تقریب کے انعقاد کو سراہا۔بعدازاں انہوں نے پروین شاکر کمپلیکس میں مختلف کالجز/ اداروں کی طرف سے دن کی مناسبت سے خواتین کی طرف سے قائم کئے گئے معلوماتی سٹالز بھی دیکھے اور خواتین کی گہری دلچسپی کو سراہا۔

ریجنل گائیڈ کمشنر،گائیڈ کمشنر ودیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی این جی اوز کو ان کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے اس دور میں خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا بھی ضروری ہے تاکہ وہ نہ صرف بچوں کی بہتر پرورش کرسکیں بلکہ انہیں اپنے حقوق سے متعلق بھی شعور حاصل ہو۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں