نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو ہر وقت تیار رکھنا ہوگا ، ملک عمر فاروق

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:54

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں اپنی سماجی اور معاشرتی اقدار کی اصل روح کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے لاہور میں صنعتکاروں کے ایک نمائندہ وفدسے بات چیت کے دوران کیا۔

تاجر برادری کا یہ وفد پنجاب میں ہونے والے علامہ اقبال یوتھ فیسٹیول کے حوالے سے تیاریوں اور مشاورت کے سلسلے میں مدعو کیا گیا تھا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے تاجر برادری کو بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سیحکومت پر اخراجات کا بوجھ نہیں پڑتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کھیلوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

ملک عمر فاروق نے کہا کہ علامہ اقبال یوتھ فیسٹیول سپورٹس کلچر کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے منعقد ہونے والے فیسٹیول سے نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو تقویت ملے گی۔ مشیر کھیل پنجاب نے کہا تھا کہ حکومت پسماندہ علاقوں میں کھیلوں کی سہولیات بہم پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ دیہی علاقوں میں سپورٹس کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے اسے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے ڈھانچے کو وسعت دے کر نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جانے کی منظوری ہوچکی ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مذہبی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دیکر کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ملک عمر فاروق نے کہا کہ حکومت کی سمت درست ہے اور معاشی ترقی کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں