انسانی زندگی کی بقاء اور بیماریوں کی روک تھام کیلئے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ناگزیر ہے ، ڈپٹی کمشنر

پیر 21 اکتوبر 2019 20:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ڈی سی آفس کے باہر شہریوں میں ماحول دوست شاپنگ بیگز تقسیم کئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں آفتاب احمد، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،سینئر مینجر اپریشنز اعجاز بندیشہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگی کی بقاء اور بیماریوں کی روک تھام کے لئے ماحولیاتی تحفظ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اس مقصد کے لئے آلودگی پر قابو پانا ناگزیر ہے جس کے لئے دیگر اقدامات کے ساتھ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال سے اجتناب کیلئے عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے کیونکہ استعمال شدہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز سیوریج کی بندش،کوڑا کرکٹ میں اضافے اور صفائی کے نظام میں مشکلات کا باعث بنتے ہیں لہذا پلاسٹک کے شاپنگ بیگز میں سودا سلف لانے سے گریز کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید سائنس کے مطابق پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کا استعمال انسانی صحت کے لئے بھی مضر ہے لہذاان سے فوری طور پر چھٹکارا حاصل کرلینا چاہیے۔انہوں نے ماحول دوست بیگ وصول کرنے والے شہریوں سے کہا کہ وہ خود بلکہ اہلخانہ ودیگر رشتہ داروں اور اپنے حلقہ احباب کو سودا سلف لانے کے لئے پلاسٹک کی بجائے کپڑے کے تیار کردہ ماحول دوست بیگز استعمال کرنے کی طرف راغب کریں اور مارکیٹیوں میں اشیاء کی خریداری کے وقت بھی ماحول دوست شاپنگ بیگز طلب کریں۔

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ نہ صرف خود بلکہ اہلخانہ اور دیگر رشتہ داروں کو بھی پلاسٹک کی بجائے کپڑے کے تیار کردہ ماحول دوست بیگز استعمال کرنے کے بارے میں آگاہی دیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ انسانی صحت کیلئے بھی مضر ہیں لہذا شہری قومی و اخلاقی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے پولی تھین بیگز سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے تعاون کریں۔

سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان نے بتایا کپڑے کے تیار کردہ بیگز کی تقسیم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنا ہے جو کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماحول دوست بیگز کے استعمال سے کوڑا کرکٹ میں اضافہ پر قابو پایا جاسکتا ہے اور یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں