فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کے معیار میں بہتری لانے کیلئے متعدد اصلاحات کی گئی ہیں ، ڈی جی ایف ڈی اے

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:19

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر/ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کی کارکردگی کے معیار میں مزید بہتری لانے کے لئے متعدد اصلاحات کی گئی ہیں جن کے تحت مختلف شعبوں میں شہریوں کے زیر التواء معاملات کوترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لئے افسران کو اہداف تفویض کئے گئے ہیں تاکہ ایف ڈی اے سے متعلق شہریوں کا کوئی مسئلہ یا معاملہ زیر التوانہ رہے اور شہری ترقی کی سرگرمیوں میں تعطل نہ آئے۔

انہوں نے یہ بات ایف ڈی اے آفس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور میں 28ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے زیرتربیت افسران کو ایف ڈی اے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز،ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری،ڈی ایم ڈی واسا جبارانور اور دیگر افسران کے علاوہ چیف انسٹرکٹر عبدالستاربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر/ڈی جی نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی جدید سائنسی خطوط پر جامع،منظم اور مربوط ترقی کے لئے ماسٹر پلاننگ کا عمل بھی جاری ہے جس میں مستقبل کی ضروریات اور تقاضوں کو مدنظررکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کے علاوہ ون ونڈو آپریشن اور ہفتہ وار کھلی کچہری میں عام آدمی کے مسائل حل کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر/ڈی جی نے افسران کو بتایا کہ ایف ڈی اے کے زیراہتمام کینال رود پر ایک ارب 28کروڑ روپے کی لاگت سے کشمیر پل انڈر پاس کا منصوبہ مکمل کیا جا رہا ہے جس کی بدولت اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کے مسائل کا ازالہ ہوگا۔

انہوں نے مستقبل کے تجویز کردہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بعض مسائل کی بھی نشاندہی کی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ اب تک 113ہائوسنگ کالونیز ایف ڈی اے سے منظور شدہ ہیں جبکہ 189کی منظوری کا عمل جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی ہائوسنگ کالونیز کو قانونی دائرہ میں لانے کے لئے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں نوٹسز بھی بجھوائے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس،کینال سروس روڈودیگر پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے حکومت سے درکار فنڈز کی درخواست کی گئی ہے ۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں پلاٹس کی تعداد اورمکینوں کے لئے دستیاب ضروری سہولیات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی ویب سائٹ پر کالونیوں کے منظور شدہ نقشہ جات اپ لوڈ ہیں جبکہ کچی آبادیوں کا سو فیصد ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جاچکاہے۔

انہوں نے کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر عملدرآمد،اربن فاریسٹ کے منصوبوں ودیگر جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔اس موقع پر افسران کی طرف سے ایف ڈی اے کی ورکنگ،مختص ایریا،ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق سوالات بھی کئے گئے۔بعدازاں ایف ڈی اے اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کی طرف سے یادگاری شیلڈز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں