ضلعی انتظامیہ فیصل آباد نے پیشہ ورگداگروں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:19

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایات پر پیشہ ورگداگروں کے خلاف نئے سرے سے بھر پور انداز میں آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سماجی بہبود کے افسران نے مشترکہ طور پر شہر کی مختلف شاہرات کارروائی کرکے 48 پیشہ ورعادی بھکاریوں کوتحویل میں لیا گیا جن میں 28 خواتین ،17 مرد اور 3 بچے شامل ہیں ۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر نازیہ موہل نے انسداد گداگری مہم کی نگرانی کی ۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر اور انچارج نگہبان سنٹر ریحانہ یاسمین بھی موجود تھیں۔محکمہ سماجی بہبود کی ٹیموں نے عبداللہ پورچوک،سوساں روڈ،بشیر نظامی چوک،یونیورسٹی روڈ،گلبرگ چوک،نڑوالا روڈ،غلام محمد آباد،جھنگ روڈ،ستیانہ روڈ،کوہ نور چوک اوردیگر علاقوں میں آپریشن کر کے شہریوں کے لئے اذیت اورپریشانی کاباعث بننے والے گداگروں کو پکڑ کر گاڑی میں سوار کیا ۔

(جاری ہے)

خواتین بھکاریوں کو دارالامان،مردوں کو اولڈ ایج ہوم،بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اوربچیوں کو نگہبان سنٹر منتقل کردیا گیا جہاں ان کی بحالی اورفلاح وبہبود کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر عادی اورپیشہ ورگداگروں کے خلاف انسدادی اقدامات تیزکردئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کی مختلف شاہرات پر ٹریفک سگلنلز،مسافر ٹرانسپورٹ اڈوں،پبلک پارکس،مارکیٹوں اور دیگر عوامی مقامات پر شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث بننے والے بھکاریوں کے خلاف مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی اور باز نہ آنے والوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں