جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پورطریقہ سے حصہ لے گی،عظیم رندھاوا

ہفتہ 16 نومبر 2019 23:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2019ء) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئر عظیم رندھاوا نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پورطریقہ سے حصہ لے گی ، عوام نے ن لیگ اورپیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی آزمالیاہے،عوام اب کسی کے دھوکہ میں نہیں آئیں گے،قوم کی امیدوں پر پورااتریں گے ، تبدیلی کے دعوے داروں نے عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیا ہے،لوگوں کے چہروں پر مایوسی اور اضطراب ہے ۔

مہنگائی اوربے روز گاری نے عوام سے راتوں کی نیند چھین لی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں ضلعی اور زونل سیاسی کمیٹیوںکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر ضلعی سیاسی کمیٹی میاں طاہرایوب،جنرل سیکرٹری شیخ افضال شاہین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عظیم رندھاوا نے کہا کہ موجودہ حکومت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کا مجموعہ ہے ،یہ ایک ہی اصطبل کے گھوڑے ہیں ۔

موجودہ حکمران بھی ملک و قوم کے ساتھ وہی کھیل کھیل رہے ہیں جو سابقہ حکومتوں نے کھیلا ،سابق حکمرانوں نے عوام کے ہاتھوں میں قرضوں کی ہتھکڑیا ں پہنائیں اور آج کے حکمران بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے، سب کے بے لاگ احتساب ، کشکول اٹھانے پر موت کو ترجیح دینے ، ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ بے گھر لوگوں کو گھر دینے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے ۔

اب یہ تمام دعوے ہوا میں بکھر اور فضائوں میںگم ہو چکے ہیں ۔اقتصادی محاذ پر حکومت چاروں شانے چت ہوچکی ہے،معاشی اور اقتصادی زبوں حالی نے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کیاہے جس کی وجہ سے عوام کے اندر سخت مایوسی اور بے چینی پائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کر سکی جس کی وجہ سے حالات پہلے سے بھی بدترین ہو گئے ہیں ۔ ملک غیر سنجیدہ لوگوں کے ہتھے چڑھ گیاہے، اسٹیٹس کو کی محافظ قوتوں نے ملک و قوم کے مسائل میں اضافہ کیاہے ۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے اور ملک میں استحکام لانے کی بجائے بوجھ ثابت ہوئے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں