۳حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے واضح حکمت عملی اختیار کی گئی ،صوبائی وزیرحافظ ممتاز احمد

پیر 9 دسمبر 2019 23:50

ض*فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ بزدار حکومت عوام کی خدمت کے لئے کمر بستہ ہے اس سلسلے میں اداروں کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے لہذا افسران کارکردگی کے معیار کو مزید بہتربنائیں۔انہوں نے یہ بات سرکٹ ہائوس میں تحصیل سٹی وصدر کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ارکان اسمبلی لطیف نذر اور میاں خیال کاستروموجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنر سٹی زوہا شاکر،ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرحمن اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے واضح حکمت عملی اختیار کی گئی ہے لہذ اسرکاری اداروں میں عوامی سروسز کا اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے پرائس کنٹرول میکنزم،سبزی وفروٹ منڈیوں میں پھلوں وسبزیوں کی نیلامیوں کے عمل کی مانیٹرنگ،انسداد ڈینگی اقدامات،ترقیاتی عمل،کھلی کچہریوںمیں حل کی جانے والی درخواستوں،کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام ودیگر حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر تحصیل سٹی و صدر میں سرکاری محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کررہے ہیں جس کا مقصد مطلوبہ اہداف کا حصول اوردرپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے بروقت اقدامات کو یقینی بناناہے۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول میکنزم پر بھرپورانداز میں عملدرآمد کیا جائے تاکہ کسی دکاندار کو زائد قیمت وصول کرنے کی جرات نہ ہو۔انہوں نے مارکیٹوں وبازاروں کی تسلسل کے ساتھ انسپکشن کا عمل بھی جاری رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے سبزی منڈیوں میں پھلوں وسبزیوں کی سپلائی وترسیل کا ریکارڈ روزانہ مرتب کرنے،مقررکردہ ریٹس پر عملدرآمد کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے بتایا کہ سبزی منڈیوں میں انفارمیشن ڈیسک کے قیام کے علاوہ لائوڈ سپیکر کے ذریعے قیمتوں کے بارے میں اعلان کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کرائے گئے ہیں۔انہوں نے پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر پنجاب میونسپل سروسز پروگرام فیزون،کشمیر پل انڈر پاس پرتعمیراتی کام کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

بعدازاں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بغیر اطلاع الائیڈ ہسپتال پہنچ گئے ۔ارکان اسمبلی لطیف نذر،میاں وارث عزیز،میاں خیال کاسترو اوراسسٹنٹ کمشنر سٹی زوہا شاکر بھی ان کے ہمراہ تھیں جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے شعبہ ایمرجنسی کا معائنہ کرکے زیر علاج مریضوں کی عیادت اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور مریضوں کے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے ہسپتال کا ریکارڈ اورسٹاف کی حاضری چیک کرتے ہوئے تاکید کی کہ مریضوں کے فوری چیک اپ اور طبی امداد کے سلسلے میں معمولی سی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔صوبائی وزیر نے آئوٹ ڈور پر بیٹھے لواحقین سے خصوصی ملاقات کی اور کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات حقیقی معنوں میں عام مریضوں تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے دیگر مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور علاج معالجہ کی دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل میں فیصل آباد سمیت ارد گرد کے اضلاع کے مریضوںکو علاج کی فراہمی کے لئے الائیڈ ہسپتال کا کردار بڑا اہم ہے جسے مزید طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور تاکید کی کہ صاف ستھرا ماحول ہمہ وقت برقرار رہنا چاہیے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں سمیت پبلک سروس کے دیگر اداروں کی اچانک بغیر اطلاع وشیڈول انسپکشن کا عمل جاری رہے گا تاکہ ان کی کارکردگی کو عوامی توقعات کے مطابق بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عمدہ نظم ونسق اورمیڈیکل سروسز کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا تاکہ عام مریضوں کو صحت کی وسیع وجدید طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے صوبائی وزیر کوہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں دستیاب طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں