بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی بڑی وجہ معاشروں میں تعلیم کا فقدان، جہالت، غربت، اخلاقی زوال اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے ،ملک عمر فاروق

پیر 9 دسمبر 2019 23:50

Lفیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2019ء) وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ رہبر انسانیت ؐنے میدان عرفات میں انسانی حقوق کے حوالے سے جو چارٹر پیش کیا وہ نہ صرف انسانی عظمت اور حقوق العباد کی مستند ترین دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ بچوں، بزرگوں، عورتوں، اقلیتوں،معذوروں اور مزدوروں کے انفرادی و اجتماعی معاشرتی، سماجی اور معاشی حقوق کی مکمل نگہبانی کرتا ہے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں ملک عمر فاروق نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی بڑی وجہ معاشروں میں تعلیم کا فقدان، جہالت، غربت، اخلاقی زوال اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے اور ان مسائل پر قابو پائے بغیرایک خوشحال اور ترقی یافتہ سماجی نظام کے خدو خال اور ڈھانچہ ترتیب نہیں دیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے مختصر ترین عرصے میں ملک میں بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے شروع کر دیے ہیں۔

دو ارب روپے سے بیواؤں اور یتیموں کے لئے سرپرست پروگرام کا آغاز اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ ملک ملک عمر فاروق نے کہا کہ انسانی ترقی کے حوالے سے سے ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے لئے 200 ملین ڈالر کی خطیر رقم رکھی گئی ہے جس سے پی ٹی آئی کی بزدار حکومت کی انسانی ترقی کیسنجیدہ کاموں کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر فلسطین سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں انسانی حقوق کی تشویشناک خلاف ورزیاں انسانی حقوق کے نام نہاد دعویداروں اور بے حس عالمی طاقتوں کو منہ چڑا رہی ہیں۔

ملک عمر فاروق نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے منشور کی تمام 30 دفعات سات دہائیاں گزرنے کے باوجود عملی طور پر انسانی حقوق کی پامالیوں پر قابو نہیں پا سکیں جس کی بنیادی وجہ عالمی غاصبانہ قوتوں کا اپنے مفادات کے لیے کمزور ممالک پر غلبہ حاصل کرنے کی پالیسی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں