تحریک انصاف حکومت نے حجاج کے پیسوں پر سود وصول کرکے ’ ٹیکنیکل کرپشن‘کا اضافہ کیا :مفتی فضل الرحمن ناصر

بدھ 11 دسمبر 2019 22:12

ٴفیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2019ء) تحریک انصاف کی حکومت نے حجاج کے پیسوں پر سود وصول کرکے اپنے نامہ اعمال میں’ ٹیکنیکل کرپشن‘کا اضافہ کیا ہے۔ ریاست مدینہ کا مقدس نام استعمال کرکے سودوصولی اللہ تعالیٰ سے کھلا اعلان جنگ ہے۔ ملک پر چھائی سود، جھوٹ اور فحاشی کی نحوست کا خاتمہ عمران خان حکومت کے خاتمے سے ہی ممکن ہے۔

ان خیالات کااظہار جمعیت علماء اسلام ف کے ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی فضل الرحمن ناصر نے کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ بجلی کے بلوں میں اصل بل سے چار گنا زیادہ بل وصول کرکے معصوم عوام کو ’تبدیلی کا ٹیکہ‘ لگایا جارہا ہے۔ بدانتظامی عروج پر ہے اور فیصل آباد کے ارکان پارلیمنٹ گٹروں اور سپیڈ بریکرز کے ’میگاپراجیکٹس‘ کے افتتاح کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

نڑوالا روڈ مرضی پورہ میں حاجی کیمپ غیر فعال اورنشئیوں کا اڈا بن چکا ہے۔ کینال روڈ پر انتہائی اہم کشمیر انڈرپاس فیصل آباد کا بی آرٹی بن چکا ہے۔ نااہل حکومت نظریاتی طور پر تو ناقابل قبول تھی ہی، انتظامی طور پر بالکل ہی ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ مفتی فضل الرحمن ناصر نے کہا وزیراعظم اپنی علمیت کے غرور میں کسی عالم دین سے رجوع ہی نہیں کرتے اور آئے روز آسان ترین اسلامی اصطلاحات زبان سے ادا کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں یا ان کی زبان پھسل جاتی ہے۔

وہ اپنی ہرتقریر میں اپنی عادت کے مطابق مقدس ہستیوںکا تذکرہ بھی بے توقیری سے کرتے ہیں اور شرمندگی بھی محسوس نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا قوم کے ساتھ ساتھ اب تحریک انصاف کے کارکن بھی وزیراعظم اور اس کی کابینہ کے مکروفریب سے عاجز آچکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور اگلے سال کا پہلا سورج تحریک انصاف حکومت کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں