ڈویژنل کمشنرنے ارکان اسمبلی کے ہمراہ چلڈرن ہسپتال میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 14 دسمبر 2019 20:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) محکمہ صحت کے زیراہتمام آئندہ قومی پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا ہے جو 16سے 20دسمبر تک جاری رہے گی ۔ڈویژنل کمشنر عشرت علی،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ارکان اسمبلی فیض اللہ کموکا،شیخ خرم شہزاد،لطیف نذر،چوہدری علی اختر ،عادل پرویز گجر،میاں خیال کاسترو نے چلڈرن ہسپتال میں فیتہ کاٹا اور بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر اے ڈی سی (آر)فضل ربی چیمہ،اے سی سٹی زوہا شاکر،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر،ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد،عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر فیاض سرور،ڈاکٹر مدثر سلیم،ڈاکٹر ندیم،ڈاکٹر عمران اور محکمہ صحت کے دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل چلڈرن ہسپتال کے آڈیٹوریم میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں ارکان اسمبلی کو پولیو وائر س کی موجودہ صورت حال اور آئندہ مہم کے مائیکرو پلان ودیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاتے ہوئے ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہا کہ والدین کے تعاون سے ہی اس قومی فریضہ میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں انسداد پولیو مہم کی سخت ترین مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ سو فیصد نتائج حاصل کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی کامیابی کے لئے ارکان پارلیمنٹ،علما کرام،سماجی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے دیگر نمائندوں کی معاونت ناگزیر ہے جبکہ انتظامی مشینری پوری طرح فعال ومتحرک رہے گی۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو مائیکرو پلان پر موثر اور ذمہ دارانہ عملدرآمد کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد اگرچہ پولیو فری ہے تاہم اس وائرس کے خدشات کا یکسر خاتمہ کرنے کے لئے مہم کے دوران ضلع میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی حاصل کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لئے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی انسداد پولیو مہم کی نگرانی کے لئے سرگرم رہیں گے۔

ارکان اسمبلی فیض اللہ کموکا،شیخ خرم شہزاد،لطیف نذر،عادل پرویز گجر،چوہدری علی اختر اور میاں خیال کاسترونے انسداد پولیو مہم کو اہم قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خاں صحت مند پاکستان کو پروان چڑھانے کے لئے پرعزم ہیں اوربچوں کی صحت کو برقرار رکھنے اور ان کو معذوری کے خدشات سے بچانے کے لئے وطن عزیز کو پولیو فری بنا کر دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لئے سماجی تحریک پیدا کی جائے گی تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پیئے بغیر نہ رہے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا نے بتایا کہ ضلع میں 13لاکھ 78ہزار بچوں کوقطرے پلانے کے لئے 3323ٹیمیں فعال رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم پر کامیاب عملدرآمد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں