ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ پولیس پنجاب ظفر اقبال کا فیصل آباد کا دورہ، پولیس افسران کے مسائل سے آگاہی حاصل کی

جمعہ 24 جنوری 2020 16:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ پولیس پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے جمعہ کے روز فیصل آباد کا دورہ کیا اور پٹرولنگ پولیس ڈویژنل ہیڈ کوارٹر فیصل آباد میں ڈویژن بھر کے پٹرولنگ پولیس افسران و اہلکاران کے مسائل سے آگاہی بھی حاصل کی۔اپنے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے کہاکہ ان کے دورہ کا مقصد پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانا اور اپنی فورس کے مسائل سے آگاہی سمیت ان کے فوری حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوںنے کہاکہ فیصل آباد ایک اہم ضلع ہے جس میں پٹرولنگ پولیس عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کیلئے دن رات پیش پیش ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ ا س حوالے سے وہ فیصل آباد ریجن کے جوانوں سے خطاب میں انہیں ان کی ذمہ داریوں اور دیگر امور سے بھی آگاہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے پٹرولنگ پولیس کے مسائل کے حل کے بارے میں پنجاب حکومت سے معاونت کیلئے اپنی کوششیںمزید تیز کروں گا تاکہ ان پوسٹس کے قیام کے حقیقی مقاصد حاصل ہو سکیں ۔

انہوںنے کہاکہ فیصل آبا دریجن میں پٹرولنگ کیلئے گاڑیوں کی خرابی کی وجہ سامنے آئی ہے لہٰذا وہ جلد از جلد اس مسئلہ کا حل یقینی بنائیں گے کیونکہ جب فورس کے پاس گاڑیاں ہی نہیں ہوں گی تو وہ کس طرح اپنے فرائض کی بجا آوری یقینی بنا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور سال 2020ء شاہرات پر جرائم میں کمی کا سال ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ فیصل آباد ریجن کی پٹرولنگ پولیس کارکردگی کے لحاظ سے پنجاب بھر میں اول پوزیشن پر ہے جس کیلئے وہ فیصل آباد ریجن کی انتظامیہ کومبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ موبائل ایجوکیشن یونٹ کو مزید فعال کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ ہمارے نوجوانوں خصوصاً ینگ جنریشن کو جر ائم بارے اور ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں