زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ میں ب کوئی کمی نہ ہو سکی ،مسافروں کا وزیر اعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ

منگل 18 فروری 2020 13:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ میں ٹرانسپورٹ مافیا نے ویگنوں میں ناقص و غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز لگا کر ہزاروں مسافروں کی جانوں کو دائو پر لگا دیاہے جبکہ سخت ترین حکومتی احکامات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تناسب سے کرائے مقرر ہونے کے باوجود زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ میں بھی کوئی کمی نہ ہو سکی ہے نیز سڑکوں پر رواں دواں ان فٹ گاڑیاں متعلقہ حکام کیلئے چیلنج بن گئی ہیں جس پرمسافروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صورتحال کافوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

فیصل آباد سمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر بسلسلہ روزگار ، ملازمت ، تعلیم و تدریس ، کاروبار اور دیگر امور کے باعث سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن میں ٹرانسپورٹ مافیا اور متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے ٹریفک رولز کی دھجیاں بکھیرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ خصوصی طور پر فیصل ۱ٓباد سے جھنگ اور جھنگ سے فیصل ۱ٓباد کے درمیان چلنے والی اکثریتی ہائی ایس ،ہائی روف ویگنوں میں 4سیٹوں کی بجائے پھٹے کی جگہ پانچویں سیٹ لگا کر 15سیٹر منظور شدہ ویگنوں کو 22سیٹر میں تبدیل کرلیاگیاہے۔ انہوںنے کہاکہ اسی طرح 13سیٹر منظور ون ٹی آر گاڑیوں کو بھی 18سیٹر میں تبدیل کیاجاچکاہے اس طرح جہاں ٹوکن ٹیکس کی مد میں خزانہ سرکار کو لاکھوں روپے کانقصان پہنچایاجارہاہے وہیں اوور لوڈنگ کے ذریعے مسافروں کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا گیاہے حتیٰ کہ کسی بھی ایمرجنسی یاحادثہ کی صورت میں مسافروں کا ویگنوں سے بچ نکلنا ممکن ہی نہیں رہا۔

انہوںنے کہاکہ ویگن و بس مالکان انتہائی دیدہ دلیری سے 80پیسے فی کلومیٹر کی بجائے ہر روٹ پر دوگنا کرائے وصول کررہے ہیں مگر متعلقہ حکام صرف اجلاسوں اور کاغذی کاروائی سمیت بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں لیکن عملی طور پر ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف کوئی کریک ڈائون نہیں کیاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ ہائی ایس ، ہائی روف ، ون ٹی آر ویگنیں اصل میں پٹرول پر چلنے کیلئے ڈیزائن کی گئی ہیں مگر ٹرانسپورٹ مافیانے سستی ایل پی جی و سی این جی گیس سے استفادہ اورزیادہ منافع کمانے کیلئے مقامی سطح پر تیارکردہ غیر معیاری ، ناقص ، گھٹیا، خطرناک ایل پی جی و سی این جی سلنڈر لوکل طریقے سے گاڑیوں میں سیٹوں کے نیچے فٹ کروا لئے ہیں جس سے حادثات اور سلنڈر پھٹنے کے باعث مسافروں کی شرح اموات میں زبردست اضافہ ہو گیاہے۔

انہوںنے کہاکہ مسافروں کے واویلا کے باوجود بڑی تعداد میں ان فٹ گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں جن کے گیٹ تک بھی ٹھیک نہیں اس طرح کسی حادثہ کی صورت میں گیٹ نہ کھل سکتے ہیں جس سے حادثات کی سنگینی میں اضافہ اور قیمتی جانیں ضائع ہونے کابھی خدشہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ افسوسناک امریہ ہے کہ متعلقہ ادارے پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور ٹرانسپورٹ مافیا کو مسافروں کی جیبوں پر دن دیہاڑے ڈاکے ڈالنے اور ان کی قیمتی جانوں سے کھیلنے کی چھٹی دے دی گئی ہے ۔ انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے اپیل کی کہ وہ اس المناک صورتحال کافوری سختی سے نوٹس لیں اور دیگر شعبہ جات کی طرح بااثر ٹرانسپورٹ مافیا کے ساتھ بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں