غیر قانونی وغیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کے خلاف تسلسل کے ساتھ آپریشن جاری ہے،محمد سہیل خواجہ

جمعہ 21 فروری 2020 23:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2020ء) ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی وغیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کے خلاف تسلسل کے ساتھ آپریشن جاری ہے تاہم شہریوں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت کی مکمل جانچ پڑتال کرلیں تاکہ وہ اس ضمن میں دھوکہ دہی یا فریب سے بچ سکیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کی شکایات سنتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ مہر ایوب،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل نے مختلف ہائوسنگ سکیموں کے بارے میں شکایات ودرپیش مسائل سنتے ہوئے کہا کہ شہری کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ کی فائل نہ خریدیں بلکہ وہ پلاٹ خرید کر باقاعدہ رجسٹری اپنے نام کروائیں تاکہ انہیں بعد میں خوار نہ ہونا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض ڈویلپرز ہائوسنگ سکیم میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بلند وبانگ دعوے کرتے ہیں اور خریدار ان کے جھانسے میں آکر اپنی جمع پونجی ضائع کرلیتے ہیں تاہم ایف ڈی اے کی طرف سے ایسے مفادپرست عناصر کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کرائے جارہے ہیں اور اب تک مختلف ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز کے خلاف مختلف تھانوں میں 251،ایف آئی آر درج کرائی جاچکی ہیں اور لیگل برانچ کو ان مقدمات کی پیروی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ مہر ایوب نے بتایا کہ رسالے والا روڈ پر گلبرگ گرین اور ڈیفنس پیراڈائز،ملت روڈ پر بلال آرچرڈ اور مدنی گارڈن ایف ڈی اے سے منظور شدہ نہیں ہیں لہذا شہری محتاط رہیں ۔انہوں نے بتایا کہ غیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کی فہرست جاری کی جاچکی ہے اور اس سلسلے میں شہریوں کی باقاعدہ رہنمائی بھی جاری ہے لہذا پلاٹ کی خریداری سے پہلے ہائوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت اور ریونیو ریکارڈ کو ضرورچیک کرلیں تاکہ بعدازاں خریدار کوکوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑی

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں