ضلعی محکمہ بہبود آبادی اور ختم نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر کے اشتراک سے ’’اسلام میں ذمہ دار والدین کا کردار‘‘ کے موضوع پرآگاہی سیمینار کا انعقاد

پیر 24 فروری 2020 19:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) ضلعی محکمہ بہبود آبادی اور ختم نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر کے اشتراک سے اسلام میں ذمہ دار والدین کا کردار کے موضوع پرآگاہی سیمینار ختم نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر غلام محمد آباد کے ہال میں منعقد ہوا۔ ڈویژنل کمشنر عشرت علی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے سیمینار کی صدارت کی۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر طیبہ اعظم، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر طارق لطیف کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ماں کی گود بچے کی ابتدائی درسگاہ جہاں سے اس کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ شروع ہوتا ہے لہذا والدین بچوں کی اعلی تربیت کا اہم فریضہ انتہائی ذمہ داری سے نبھائیں تاکہ وہ اسلامی خطوط کے مطابق اپنی زندگی کا راستہ متعین کرکے اسلامی معاشرے کا اہم رکن بن سکے جو صبر و تحمل، برداشت، رواداری کے ساتھ احترام انسانیت،پیارو محبت سے لبریز ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی درست سمت اصلاح میں منبر ومحراب کے جاندار کردار کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا جو صحت مندخاندان خوشحال پاکستان کا پیغام عام کرنے کے ساتھ بچوں کی تربیت میں والدین کے کردار کو جمعہ کے خطبات میں اجاگر کریں کیونکہ علماء معاشرے کا معتبر طبقہ ہیں جن کی آواز میں اثر ہے۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسی پر اثر تقریبات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اقدامات جاری رہنے چاہیں۔

کمشنر نے کہا آج اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی اشدضرورت ہے یہی اللہ اور رسول اکرمؐ کا حکم بھی ہے لہذا بھائی چارے کا پیغام ہر سطح پر پھیلایا جائے۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ علماء کرام منبر ومحراب سے اسلام میں والدین کے کردار کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ ختم نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر کے فورم سے فرقہ واریت کے خاتمے،امن وامان کے قیام،پیغام پاکستان کے فروغ کے ساتھ یکجہتی کشمیر،انسداد ڈینگی وپولیو اور دیگر حکومتی اقدامات میں شریک ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قاسمیہ گرلز کالج کے قیام کی بدولت طالبات کو اعلی تعلیم کے مواقع دہلیز پر فراہم کررہے ہیں جہاں ان کی عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم وتربیت بھی جاری ہے۔انہوں نے سیمینار میں شرکت پر کمشنر عشرت علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بہبود آبادی پروگرام میں اپنے بھرپور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔سیمینار کے اختتام پر ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی اور بہبود آبادی پروگرام کی کامیابی کی دعا بھی کی گئی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں