بجلی کی زیادہ قیمت کی وجہ سے کئی کاروبار اور صنعتیں شدید مشکلات کا شکار

ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار ہیں،چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن

ہفتہ 28 مارچ 2020 20:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2020ء) چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری محمد نواز نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کرونا وائرس کی وجہ سے جب ہماری لوکل انڈسٹری با لکل بند پڑی ہے وہ بجلی کے بل دینے سے قاصر ہیں اس لئے ہماری حکومت سے گزارش ہے کہ برائے مہربانی لوکل انڈسٹری کے بل خاص طور پر پاور لومز سیکٹر کے بجلی کے بلوں کی وصولی تین ماہ کے لئے مئوخر، ان کی آسان اقساط اور ان کی مقررکردہ آخری تاریخوں میں بھی اضافہ اضافہ کیا جائے ۔

اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ ایک ماہ سے کاروباری سرگرمیوں پر سقوط کا عالم طاری ہے جس وجہ سے کاروباری ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار تقریبا بند ہو چکی ہے جبکہ جو مال تیار کیا گیا ہے اس کی کھپت بھی رک گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان حالات میں کاروباری اداروں کیلئے اپنے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ مزدوروں کی تنخواہیں بھی اپنی جیب سے دینے پڑ رہے ہیں لہذا کاروباری اداروں کیلئے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی موخر کرنے سے ان کو کچھ ریلیف مل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی زیادہ قیمت کی وجہ سے کئی کاروبار اور صنعتیں شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی شعبے کیلئے امدادی پیکج کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن اس سے بھی ان کو تباہی سے بچانا بہت مشکل لگتا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں