کورونا نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی شکست سے دوچار کردیا ہے،سردار ظفر حسین خان

منگل 31 مارچ 2020 23:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خاں نے کہا ہے کہ کورونا نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی شکست سے دوچار کردیا ہے ۔اس سے بچنے کیلئے اجتماعی توبہ و استغفار کی ضرورت ہے ۔حکمران خود بھی توبہ کریں اور عوام سے بھی اپیل کریں کہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں ۔ حکومت ابھی تک قوم کو اعتماد میں نہیں لے سکی ۔

ٹائیگرفورس کی بجائے قوم کو رضاکاروں کی ضرورت ہے،قرنطینہ سینٹرز میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مطلوبہ ضروری سامان بھی مہیانہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام سرگرمیاں چھوڑکر آگاہی مہم چلارہی ہے اوراب تک الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں42 کروڑ روپے کا راشن ماسک، سینی ٹائزر لوگوں میں تقسیم کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے کارکن مسلم اور غیر مسلم کی تفریق کے بغیر خدمت کررہے ہیںاور مساجد کے ساتھ ساتھ مندروں ،گوردواروں اور چرچز میں سپرے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی روک تھام میں سستی کا مظاہرہ کیا ۔جماعت اسلامی نے تعاون کی پیشکش کی لیکن حکومت کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری پر ترقیاتی فنڈزکو لوگوں کی امداد پر خرچ کرے ۔وفاقی حکومت کورونا ٹیسٹ فیس ختم کرکے تمام ٹیسٹ فری کرے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں