پارس قرنطینہ سنٹر میں انتظامی حکام کے دورے، زائرین کا سہولیات کی فراہمی پر بھرپور اعتماد کا اظہار

منگل 7 اپریل 2020 16:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) فیصل آباد کے پارس قرنطینہ سنٹر میں موجود زائرین نے کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے وقت گزاری شروع کردی ہے جبکہ انتظامی حکام کے دن رات قرنطینہ سنٹرز کے دورے جاری ہیں نیززائرین نے سہولیات کی فراہمی پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا ہے۔اس سلسلہ میںپارس کورنٹائن سنٹر کی انتظامیہ کی جانب سے منگل کے روز اے پی پی کوبتایا گیا کہ سنٹر میں158 زائرین کو لایا گیا تھا تاہم اب وہاں 154 زائرین موجود ہیں جنہیں قرنطینہ سنٹر میں رکھ کر نہ صرف ان کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے بلکہ انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کی بھی اجازت دی گئی ہے تا کہ وہ سوشل ڈسٹنس رکھتے ہوئے اپنا وقت گزار سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پارس قرنطینہ سنٹر میں رکھے گئے تمام زائرین مکمل طور پر سٹیبل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کئی زائرین کو ان کی ڈیمانڈ پر پرہیزی کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ دیگر صارفین کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد محمد علی نے دیگر حکام کے ہمراہ منگل کو بھی پارس قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں موجود زائرین کیلئے مناسب سماجی فاصلے کے انتظامات چیک کئے۔

انہوں نے بعض افراد کی طرف سے ماسک نہ پہننے پر ان سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے ممکنہ خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ ان کی اپنی اور دوسروں کی صحت کا تحفظ یقینی ہو۔انہوں نے جھنگ روڑ پر جی سی یونیورسٹی نیو کیمپس گرلز ہاسٹلز میں کورنٹائن کئے گئے زائرین کیلئے کھانے اور دیگر ضروری بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل کوبھی چیک کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ زائرین کو معمولی سی بھی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور واضح کیاکہ زائرین فیصل آباد میں مہمان ہیں جن کی سہولیات میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے قرنطینہ سنٹر میں پولیس سمیت دیگر محکموں کے سٹاف کی ڈیوٹی بھی چیک کی اور انہیں چوکس انداز میں فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں