احساس کفالت اور وزیر اعلی پنجاب انصاف امداد پروگرامز کے تحت اب تک ساڑھے 5،ارب روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی جاچکی ہے

ہفتہ 30 مئی 2020 17:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) :فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں احساس کفالت اور وزیر اعلی پنجاب انصاف امداد پروگرامز کے تحت اب تک 4لاکھ 53ہزار 235رجسٹرڈ مستحق مرد وخواتین میں ساڑھے 5،ارب روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔یہ بات ڈویژنل کمشنر عشرت علی کو ایک ریویو اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ڈپٹی کمشنرفیصل آباد محمد علی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ ڈویژن بھر میں مجموعی طور پر 52 سنٹرزپر176کاؤنٹرزکے ذریعے احساس وانصاف پروگرامز پر عملدرآمدجاری ہے اور رجسٹرڈ ہونے والے افراد کو 12 ہزار روپے فی کس امداد بائیو میٹرک تصدیق کے بعدتیز رفتاری سے فراہم کی جارہی ہے۔ضلع فیصل آباد کے 20 سنٹرز پر دو لاکھ 50ہزار364،چنیوٹ میں 6 سینٹرز سے 54 ہزار 249،جھنگ میں 14مراکز سے 90ہزار123اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 12 سینٹرز پر 58ہزار 499مستحقین مالی امداد حاصل کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے احساس وانصاف پروگرامز پر عملدرآمد کے سلسلے میں چاروں اضلاع کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ تصدیق کے دوران مستحقین کے بقایا جات سامنے آنے پر انہیں شفاف انداز میں ادائیگی کی جائے تاکہ وہ اپنے حق سے محروم نہ رہیں۔انہوں نے سنٹرز پر کورونا سے بچاؤ کے لئے سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے اقدامات،ہاتھوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لئے گیٹ اورکاؤنٹرزپر سینیٹائزر کی موجودگی،درخواست گزاروں کیلئے بیٹھنے کے سایہ داراور پینے کے پانی کے انتظامات کو برقرار رکھنے کی بھی تاکید کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں