انسداد ڈینگی کے سلسلے میں فرضی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں ،ڈپٹی کمشنر محمد علی

ہفتہ 30 مئی 2020 17:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی نے تنبیہہ کی ہے کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں فرضی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی اور بوگس رپورٹس بھیجنے والوں کے خلاف سخت ترین محکمانہ ایکشن لیا جائے گا لہذا ذمہ داری کے ساتھ سرویلنس سرگرمیاں جاری رکھی جائیں تاکہ ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھا سکے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خلاف مہم پورے جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائے اس سلسلے میں محکمانہ کوششیں ماند نہیں پڑنی چاہیں۔انہوں نے تاکید کی کہ روزانہ کا سرویلنس شیڈول بنا کر عمل درآمد کرایا جائے اور انسداد ڈینگی سکوارڈ فیلڈ میں کام کرتا نظر آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلئے موثر ترین اقدامات کئے ہیں تاکہ موجودہ اور آئندہ سیزن میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے ڈینگی کی افزائش کا موجب بننے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوامی آگاہی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قبرستانوں کی سرویلنس کو مزید بہتر بنایا جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل سطح پر انسداد ڈینگی اقدامات کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بارشوں کے باعث شاہرات پر کھڑے پانی کو وائپر کے ذریعے فوری صاف کیا جائے اس سلسلے میں ویسٹ ورکرز کو متحرک کریں تاکہ کھڑا پانی ڈینگی کی افزائش کا موجب نہ بنے۔

اجلاس کے دوران اینڈ رائڈ موبائل فونز سے ضلعی محکموں کی سرویلنس سرگرمیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر برائے وبائی امراض نے بتایا کہ رواں سال اب تک ڈینگی کی افزائش کا موجب بننے پر 17 ،افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جاچکے ہیں جبکہ 13 کو وارننگ دی گئی۔انہوں نے ان ڈور وآئوٹ ڈور سرویلنس،تالابوں میں لاروا کھانے والی مچھلیاں چھوڑنے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل ربی چیمہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین اور دیگر ضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں