وزیراعظم کی پالیسیوں کا محور غریبوں اور عوام کی فلاح وبہبود ہے،

حکومت نے تعمیراتی شعبے میں ملکی تاریخ کا بہترین پیکیج دیا، بلڈرز 31 دسمبر سے پہلے پیکیج کا فائدہ اٹھا لیں، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ممبر کور کمیٹی پاکستان تحریک انصاف فیض اللہ کموکا ایم این اے کی اے پی پی سے بات چیت

منگل 14 جولائی 2020 16:02

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ممبر کور کمیٹی پاکستان تحریک انصاف فیض اللہ کموکا ایم این اے نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کا محور غریبوںاور عوام کی فلاح وبہبود ہے جبکہ اسی سلسلہ میں حکومت نے تعمیراتی شعبے میں ملکی تاریخ کا بہترین پیکیج دیاہے لہٰذا بلڈرز 31 دسمبر سے پہلے پیکیج کا فائدہ اٹھا لیں۔

منگل کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبہ سے 40 صنعتیں وابستہ ہیں اسلئے اس شعبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے خصوصی ادارہ بنایاگیا ہے کیونکہ وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم سے متعلق سنجیدہ ہیںاور حکومت کا کام سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینا ہے نیز تعمیراتی صنعت سے ملک میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت بینک نجی قرضوں میں سی5 فیصد تعمیرات کے شعبے کو دینے کے پابند ہونگے اور اس پالیسی کے تحت بینکوں کے شرح منافع کا تعین بھی کر دیا گیا ہے جس کی روشنی میں بینک تعمیرات کے شعبے میں سالانہ 330 ارب روپے کے قرضے دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کا اس سکیم میں شامل ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے کم آمدنی والے لوگوں کیلئے ایک لاکھ گھرکا ٹارگٹ رکھا گیا ہے اور سب سے پہلے انہیں ہی گھر تعمیر کر کے دیئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تعمیرات کے شعبے میں فکسڈ ٹیکس پالیسی متعارف کرائی ہے اور یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر تک تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے آمدن کے ذرائع نہیں پوچھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کواب دفاترکے چکر بھی نہیں لگانے پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنیوالوں سے ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائیں گے جس سے بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس مشکل وقت سے نکلنے کیلئے کنسٹرکشن کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت نے ٹیکسز کم کر دیئے ہیں لہٰذا ٹیکسز کم کرنے سے توقع ہے کہ اب زیادہ سے زیادہ سستے گھر بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سبسڈی اور فیصلے کبھی کسی حکومت نے کنسٹرکشن کیلئے نہیں کئے اسلئے حکومت کی خواہش ہے کہ لوگ اس سے پورا فائدہ اٹھائیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں