عید قربان ہمیں ایثار و قربانی اور باہمی ہمدردی کا درس دیتی ہے لہٰذا خوشی کے اس موقع پرمحروم طبقات کو یاد رکھا جائے،ڈپٹی کمشنر محمد علی کی اہل اسلام کو عیدالاضحی کی مبارکباداور نیک تمناؤں کا اظہار

جمعہ 31 جولائی 2020 17:21

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2020ء) :ڈپٹی کمشنرفیصل ۱ٓباد محمد علی نے اہل اسلام کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید قربان ہمیں ایثار و قربانی اور باہمی ہمدردی کا درس دیتی ہے لہٰذا خوشی کے اس موقع پرمحروم طبقات کو یاد رکھا جائے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحی کو پرسکون اور خوشگوار ماحول میں منانے کیلئے وسیع بنیادوں پر انتظامی و حفاظتی اقدامات کئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار اور شہریوں کو ہرممکن ریلیف کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے اجتماعات کی مکمل سکیورٹی، جانوروں کی قربانی سے تعفن اور گندگی کے سدباب کیلئے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام بھر پور صفائی آپریشن جاری رہے گا جسکی کامیابی کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی سروسز کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ خدانخواستہ کسی ہنگامی صورتحال میں علاج معالجہ کی مستعد سہولیات فراہم ہوسکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عوامی مقامات پرجانوروں کے سری پائے جلانے اورچربی پگھلانے سے بھی اجتناب کیاجائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی دوسروں کیلئے اذیت کا باعث نہ بنے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ صفائی آپریشن میں تعاون کرتے ہوئے جانوروں کی آلائشوں کو ویسٹ ورکرز کے حوالے کریں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ عید کے ایام میں کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی مانیٹرنگ کیلئے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر آفس میں فعال رہے گالہٰذا شہری کسی شکایت یا مسئلہ کی صورت میں فوری طور پر فون نمبرز 041.9201491,041.9201492،041.9200249 اور 041.9200250پررابطہ کرسکتے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں