حکومت کشمیر کے مسئلہ پر مصلحت کا شکار ہو چکی ہے،چوہدری کاشف رندھاوا

ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے عوام کو یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلہ پر ہمیشہ کے لئے خاموشی اختیار کریں ،صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب

جمعہ 7 اگست 2020 22:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے صدر چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر کے مسئلہ پر مصلحت کا شکار ہو چکی ہے ۔ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے عوام کو یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلہ پر ہمیشہ کے لئے خاموشی اختیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔

کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا خاموش لیکن پاکستان پوری طاقت سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اورکھڑا رہے گا۔ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں مہنگائی ‘ بے روزگاری کے طوفان کھڑے کر دئیے جس کی وجہ سے عوام کا جینا مشکل ترین بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

ناقص حکمت عملی کی وجہ سے معیشت دن بدن زمین بوس ہو رہی ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت جس طرح عوام کا استحصال کر رہی ہے اسکی روشنی میں موجودہ حکومت عذاب بن چکی ہے جس کی پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ حکومت تمام داخلی و خارجی پالیسیوں پر بھی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ اس کی کارکردگی صفر کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملک کو صدارتی نظام کی طرز پر چلا کر آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ پارلیمانی نظام کے تحت ملکی امور اور عوام کے منتخب نمائندے ہیں لیکن موجودہ حکومت 19 غیر منتخب سپیشل اسسٹنٹ اور ایڈوائزر کے ذریعے ملکی امور چلا رہی ہے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں