ڈپٹی کمشنر آفس میں محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں ومجالس کے منتظمین کا اہم اجلاس

ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے علماء کرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع میں امن وامان کے قیام میں انکی بھرپور کوششوں کو سراہا

جمعہ 7 اگست 2020 23:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر آفس میں محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں ومجالس کے منتظمین کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل کمشنر عشرت علی،آر پی او راجہ رفعت مختار اور ڈپٹی کمشنر محمد علی کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مدثر نذیر موجود تھے جبکہ محمد جعفر نقوی،غلام اکبر ساقی،طارق حسین خاکی،ڈاکٹر انجم رضا،سید حسین شیرازی،راجہ شمس الحسن،سید ارشاد حسین بخاری،سیدفضل عباس قاسمی،سید ذاکرحسین نقوی،ڈاکٹر ممتاز حسین،افتخار نقوی،سید تجمل حسین اور دیگر علماء کرام شریک تھے۔

ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے علماء کرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع میں امن وامان کے قیام میں انکی بھرپور کوششوں کو سراہا اور کہا کہ محرم الحرام میں کورونا کی صورتحال سمیت بے شمار چینلجز کا سامنا ہے لہذا انسداد کورونا ایس او پیز کے ساتھ محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمی اتحاد واتفاق اور بھائی چارے کی مثالی فضا نہ صرف پرسکون محرم الحرام بلکہ پائیدار امن کی ضمانت ہے جس کے لئے تعاون ناگزیر ہے۔

کمشنر نے علماء کرام کی طرف سے بعض مسائل کی نشاندہی پر کہا کہ وہ مشترکہ طور ہر محکموں سے متعلقہ مسائل کی فہرست فراہم کریں جنہیں محرم سے قبل سو فیصد حل کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امن وامان میں خلل ڈالنے یا فرقہ واریت سے متعلقہ باالخصوص سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹوں پر ردعمل سے قبل انتظامیہ وپولیس کو واقعہ سے آگاہ اور تصدیق ضرور کی جائے تاکہ نقص امن کے خدشات جنم نہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو رواداری،برداشت کی تلقین جاری رکھیں۔۔اجلاس کے دوران سید محمد جعفر نقوی،ڈاکٹر ممتاز حسین،افتخار نقوی،غلام اکبر ساقی ودیگر نے محرم الحرام سے قبل میٹنگ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ امن کا قیام ترجیح ہے جس کو برقرار رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچائو کے لئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا اور کرایا جائے گا۔انہوں نے جلوسوں کے راستوں پر واقع سٹرکوں کے پیچ ورک،سیوریج سے متعلقہ مسائل،سٹریٹ لائٹس،صفائی ستھرائی ودیگر مسائل کی نشاندہی اور انہیں قبل ازوقت حل کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں