فیصل آباد ، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مینارٹی ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا

منگل 11 اگست 2020 22:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2020ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مینارٹی ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی کے اشتراک سے سیمینار میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر،سوشل ویلفیئر افسران محمد طاہر،کاشف نثار،حبقوق گل اور دیگر نے شرکت کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرنے کہا کہ وطن عزیز کی تعمیر وترقی میں اقلیتی برداری بھی یکساں کردار اداکررہی ہے انہیں مذہبی،معاشی اور سماجی معاملات میں مکمل آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتیں بھی پاکستان میں امن وسلامتی کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مینارٹیز ڈے منانے کامقصد اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کا احساس اجاگر کرنا ہے تاکہ ہم سب پاکستانی مل جل کر ملک کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچاسکیں۔

(جاری ہے)

دیگر مقررین نے اقلیتی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ملک کا وقار بلند رکھنے میں ہمیشہ گرانقدر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور سرکاری ملازمتوں میں ان کے کوٹہ پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ وہ قومی معاملات میں بھی شامل ہیں۔انہوں نے مینارٹی ڈے منانے کے اقدام کو سراہا۔

ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی کے ارکان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری احساس تحفظ کے ساتھ ہر شعبہ زندگی میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری وطن کی حفاظت وسلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اوراپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ پاکستان کی تعمیر وترقی کے لئے فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں