یوم ۱ٓزادی پر شہریوں کے تحفظ اور قانون شکنی کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس کے مشترکہ سکواڈز تشکیل دیدیئے گئے،اہم شاہراہوں پر ڈیوٹیاںلگادی گئیں، والدین کو بچوں کی کڑی نگرانی کی بھی ہدایت

بدھ 12 اگست 2020 13:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) یوم ۱ٓزادی پاکستان کے موقع پر شہریوں کے تحفظ اور قانون شکنی کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس کے مشترکہ سکواڈز تشکیل دیدیئے گئے ہیں اور ان کی اہم شاہراہوں پر ڈیوٹیاںلگادی گئی ہیں جبکہ والدین کوبھی بچوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ حادثات یا دیگر نا خوشگوار واقعات سے بچا جاسکے۔

ڈولفن پولیس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ جشن آزادی پر ون ویلرز کی حوصلہ شکنی کیلئے پولیس نے گرینڈ پلان بنالیاہے اور ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس کے مشترکہ سکواڈز تشکیل دے کر اہم شاہراہوں پر 14 اگست کی ڈیوٹیاں مقرر کردی گئی ہیں نیزون ویلرزکے ساتھ ساتھ گاڑی تیار کرنے والا متعلقہ موٹرسائیکل مکینک بھی جیل جائے گااور گاڑی ضبط و لائسنس بھی منسوخ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سی پی او فیصل آباد کیپٹن(ر)محمد سہیل چودھری کے حکم پر ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد سید علی رضا بخاری نے یوم آزادی کے موقع پر ون ویلرز اور ہلڑ بازی کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کیلئے ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جس پرڈولفن فورس کی 500 سی سی کی ہیوی بائیکس اور ٹریفک پولیس کی 250 سی سی کی ہیوی بائیکس کے خصوصی سکواڈز بنائے گئے ہیں جو ۱ٓج 13 اگست کی رات سے لیکرکل 14 اگست کی رات تک شہر کی مصروف و اہم شاہراہوں کینال روڈ کے دونوں اطراف، کینال ایکسپریس وے، جڑانوالہ روڈ، سوساں روڈ، ڈی گرائونڈ، ستیانہ روڈ ستیانہ روڈ، سمندری روڈ، دونوں انڈر پاسز کے داخلی خارجی راستوں، مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، نڑوالا روڈ، سرگودھا روڈ، جھنگ روڈ، سمن آباد اور رسالہ روڈ پر خصوصی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور ون ویلنگ کرنے والوں کو پکڑ کر ان کی گاڑیاں ضبط کرکے ان کو حوالات بند کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ون ویلرز کو موٹرسائیکلیں تیار کرکے دینے والے کاریگروں کی پکڑ دھکڑ بھی کی جائے گی اور ان کے خلاف بھی مقدمات درج ہوں گے اسی طرح بفل نکالنے ، سائیلنسر اتروانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی کے موقع پر عارضی سپیڈ بریکر لگاتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کنٹرول کیا جائے گا جبکہ 18 سال سے کم عمر ڈرائیونگ پر ڈرائیور کی موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشے کو 3 دن کیلئے بند رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا بخاری نے والدین کے نام پیغام میں کہاکہ والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور ان کو خونی کھیل کی ہرگز اجازت نہ دیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں