فیصل آباد میں جعلی کھاد کی تیاری اور فروخت کا دھندا بڑے پیمانے پر کیا جارہا ہے،چوہدری علی احمد گورایہ

بدھ 23 ستمبر 2020 20:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) کسان بورڈکے ضلعی صدر چوہدری علی احمدگورایہ نے کہا ہے فیصل آباد میں جعلی کھاد کی تیاری اور فروخت کا دھندا بڑے پیمانے پر کیا جارہا ہے۔ شہر میں کئی مقامات پر جعلی کھاد تیار کی جارہی ہے اور مارکیٹ میں فروخت کی جارہی ہے۔محکمہ زراعت کے حکام صورتحال کا علم ہونے کے باوجود مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

میڈیاکے مطابق فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر جعلی کھاد کی تیاری و فروخت کی جارہی ہے۔ فیصل آباد میں جعلی کھاد تیار کرنے والے دو درجن سے زائد کارخانے لگے ہوئے ہیں۔ جن میں بڑے برانڈز کی جعلی کھادیں تیار کرکے مارکیٹ میں فروخت کی جاری ہیں۔ اس دھندے میں متعدد کھاد ڈیلر بھی ملوث ہیں جو جعلی کھادوں کو اصل کھاد کیساتھ شامل کرکے فروخت کرتے اور کسان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

جعلی کھاد کے دھندے کیخلاف محکمہ زراعت کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔زراعت افسران اپنے دفاتر سے نکلنے اور جعلی کھاد کا دھندہ کرنے والوں کیخلاف ایکشن لینے کو تیار ہی نہیں ہیں۔ سارا دن دفاتر میں ’’ویلے‘‘بیٹھنے اور نوکری کا وقت پورا کرنے کے سوا کوئی سوچ محکمہ زراعت کے افسران میں پروان ہی نہیں چڑھ رہی۔ایک سال کے دوران محکمہ زراعت کے فیصل آباد میں تین درجن سے زائد افسران و عملے نے مشترکہ کاوشیں کرکے جعلی کھاد تیار کرنے والو ں کیخلاف 9چھاپے مارے ان میں سے بھی سب کامیاب نہ ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ جعلی کھاد کا دھندا کرنے والوں میں سے متعدد کو محکمہ زراعت کے ہی بعض افسران کی پشت پناہی حاصل ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائیاں نہیں ہوتیں اور انہیں کھل کھیلنے کا موقع ملا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں