فلاحی اور مہذب معاشرے کا تقاضا ہے کہ معاشی طور پر کمزور اور مستحق افراد کا ہاتھ تھاماجائے، میجر(ر) شاہنوازالحسن

پیر 19 اکتوبر 2020 23:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) فلاحی اور مہذب معاشرے کا تقاضا ہے کہ معاشی طور پر کمزور اور مستحق افراد کا ہاتھ تھاماجائے جس کے لئے سماجی تنظیم ’’اخوت‘‘نے اپنے فلاحی منصوبوں سے معاشرے میں ایسا عظیم انقلاب برپا کیا ہے جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔یہ بات چیئرمین پاسبان گروپ میجر(ر) شاہنوازالحسن نے جامع مسجد پاسبان حرم میں فلاحی تنظیم اخوت کے زیراہتمام مستحق گھرانوں میں بلاسود قرضوں کی تقسیم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مینجر اخوت احسان الہی، خالد محمودشوق،طارق تنویراور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر فیصل آباد ریجن کے خاندانوں میں قرض حسنہ کے چیکس تقسیم کئے گئے۔میجرشاہنواز الحسن نے اسلامی تعلیمات واصولوں کے عین مطابق اخوت انتظامیہ کی عمدہ سوچ اور کامیاب فلاحی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے لیکن وسائل کی کمی کے باعث معاشی مسائل آڑے آتے ہیں جن کی فراہمی کے لئے اخوت نے قابل قدر بیڑااٹھایا ہے جس کے کامیاب نتائج سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قرض حسنہ حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ انتہائی نیک نیتی اور دیانتداری سے محنت کرکے اپنے روزگار میں اضافہ کریں اور ایمانداری سے قرض حسنہ واپس کریں تاکہ دیگر بھی اس مائیکرو فنانس سکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔انہوں نے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر خدمات انجام دینے والی اخوت کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاسبان گروپ بھی اس کارخیر میں ان کے شانہ بشانہ شریک رہے گا۔

مینجر اخوت نے کہا کہ ڈاکٹر امجدثاقب نے غربت کے خاتمے کے لئے خود روزگار سکیم سے متعلق جو خواب دیکھا اس کو حقیقی معنوں میں حقیقت کا روپ ملا اور10ہزارروپے کے قرض حسنہ کی ادائیگی سے شروع ہونے والا سلسلہ اب 130،ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس سے ملک بھر کے 45لاکھ سے زائد خاندان مستفید ہوچکے ہیں جبکہ فیصل آباد ریجن میں اب تک ایک لاکھ 75 ہزار خاندانوں میں 7۔ارب 80 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔انہوں نے اخوت کے زیر اہتمام ایجوکیشن پروگرام،تعلیم بالغان،زرعی قرضہ جات،ٹیوٹا اوردیگر فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اخوت کا یہ انقلابی فلاحی سفر جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں