صوبہ بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کو سہولت مہیا کرنے کیلئے 100سے زیادہ ڈے کیئر سنٹر قائم کر دیئے ہیں، صوبائی وزیر وویمن ڈویلمپنٹ

جمعرات 22 اکتوبر 2020 16:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2020ء) : صوبائی وزیر وویمن ڈویلمپنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کو سہولت مہیا کرنے کیلئے 100سے زیادہ ڈے کیئر سنٹر قائم کر دیئے ہیں۔ وہ واسا کے مرکزی دفتر میں ڈے کیئر سنٹر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔یہ ڈے کیئر سنٹر پنجاب ڈے کیئر فنڈزسوسائٹی کے تعاون سے 22لاکھ 60ہزار روپے کی مالیت سے تعمیر کیا گیا ہے جس کیلئے تمام رقم پنجاب ڈے کیئر فنڈزسوسائٹی نے فراہم کی ہے۔

مذکورہ سنٹر میں 16سے زائد بچوں کی نگہداشت کیلئے سہولیات دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قائم کئے گئے تمام ڈے کیئر سنٹر ز کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے جبکہ ان سنٹرز میں بچوں کی مؤثر دیکھ بھال کیلئے تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے صر ف سرکاری اداروں میں ڈے کیئر سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا تھالیکن اب پنجاب حکومت نیم سرکاری اور نجی اداروں میں بھی ڈے کیئر سنٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

جس پر آنے والے دنوں میں عمل درآمد ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی نجی ادارہ جس کے پاس 4 یا6 بچے ڈے کیئر سنٹر میں رکھنے کیلئے موجود ہوں اور وہ سنٹر کیلئے جگہ مہیا کرسکتا ہوتو ان اداروں میں بھی حکومت پنجاب اپنے وسائل سے ڈے کیئر سنٹر قائم کرے گی اور ایک سال کے بعد مذکورہ مراکز کو متعلقہ اداروں کے سپرد کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملازمت پیشہ خواتین جوکہ سرکاری و نیم سرکاری ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں ان ہاسٹلزکے نظم و نسق کو بہتر بنانے کیلئے وویمن ہاسٹلز اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ خواتین کودرپیش مسائل کا تدارک کیا جاسکے۔

اس موقع پرچیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر، ایم ڈی واسا جبار انور چوہدری اور وائس چیئرمین واساشیخ شاہدشکیل بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں