فیصل آباد ،دادئو کالونی میں سکول کیساتھ واسا کے غیرقانونی ڈسپوزل سٹیشن کے خاتمے کیلئے گیارہ ارکان پارلیمنٹ کا وزیراعظم کو خط

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 21:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) دادئو کالونی میں سکول کیساتھ واسا کے غیرقانونی ڈسپوزل سٹیشن کے خاتمے کیلئے گیارہ ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ واسا حکام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔ تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی کے ارکان شنیلا رتھ ، لال چند ، رمیش کمار ، جے پرکاش ، جمشید تھامس ، ڈاکٹر درشن ، جیمز اقبال ، کیسومل خیال داس ، رمیش لال ، نوید جیوا اور سینیٹر جان کینتھ نے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ واسا حکام نے 2016 میں رضامندی سے دائود کالونی میں سکول کے ساتھ واقع گندے پانی کے تالاب کی جگہ گرائونڈ بنایا تھا ۔

کچھ عرصے بعد واسا حکام نے اچانک پولیس کی مدد سے گرائونڈ کی دیوار گرا کر اراضی پر قبضہ کر لیا اور یہاں کھیل کا میدان ختم کر کے سیوریج کے گندے پانی کا ڈسپوزل سٹیشن بنا دیا ۔

(جاری ہے)

ارکان پارلیمنٹ نے خط میں لکھا ہے کہ سیوریج کے آلودہ اور غلاظت والے پانی کے ڈسپوزل سٹیشن کی بدبو سے نہ صرف پورے علاقے میں ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے بلکہ اس سکول کے ڈیڑھ ہزار طلبا و طالبات کا تعلیمی مستقبل بھی دائو پر لگ چکا ہے ۔ خط میں وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ واسا حکام کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے کر ڈسپوزل سٹیشن ختم کروائیں ۔ ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں