فیصل آباد ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر والدین کی آگاہی کے لئے واک کا انعقاد

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 21:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر والدین کی آگاہی کے لئے واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ایم پی اے فردوس رائے نے کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا، ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ڈاکٹر اورنگزیب کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر مدثر، ایریا انچارجز اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعدادمیں شریک تھے۔

واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر پروین شاکر کمپلیکس سے ہوتی ہوئی ہلال احمر ہسپتال پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے پولیو کے دوقطرے ہر بچہ ہر بار اور دیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے محفوظ پاکستان ہمارا مشن ہے اور پولیو جیسے موذی مرض کامکمل خاتمہ ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کوصحت مند مستقبل دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اورانسداد پولیو کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ انتظامیہ بھی متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں انسداد پولیو کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد جاری ہی اور بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو پولیوسے بچایاجاسکتا ہے لہذا والدین بھی اپنا فرض نبھائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کا تسلسل معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس جنگ کو جیتنے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نونہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے،ہم آج پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کرنے کے عہد کی تجدیدکرتے ہیں۔ آج کے دن معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔بعدازاں ڈویژنل کمشنر عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ایم پی اے فردوس رائے نے ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر 26۔

اکتوبر سے شروع ہونے والی مہم کا افتتاح کیا۔ڈی ایچ او نے بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 13 لاکھ 81 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 3500 سے زائد ٹیمیں مامور ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے حتی المقدور کوششیں کی جائیں اور مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے دو قطرے ہر بچہ ہر بار کا پیغام واضح انداز میں اجاگر کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ کسی گھرکا کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں