فیصل آباد میں گارمنٹ انڈسٹری کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ ہنر مند خواتین پیدا کی جا رہی ہیں،تہمینہ پاشا

منگل 27 اکتوبر 2020 19:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) گارمنٹ انڈسٹری میں خواتین کی کارکردگی بہترین ہے اور فیصل آباد میں اس شعبہ کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ ہنر مند خواتین پیدا کی جا رہی ہیں۔ یہ بات فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ تہمینہ پاشا نے آج فیصل آباد گارمنٹ سٹی اور گارمنٹ کے دیگر اداروں کے مطالعاتی دورے کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ گارمنٹ کا شعبہ خواتین کیلئے انتہائی موزوں ہے جس سے ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچنا چاہیے۔ فیصل آباد گارمنٹ سٹی کے دورے کے دوران چیئرمین ریحان نسیم بھراڑہ نے بتایا کہ دیہی خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے بعد خواتین نہ صرف ملازمت کر کے ملکی معیشت کا پیداواری حصہ بن سکتی ہیں بلکہ وہ اپنے خاندانوں کی بھی کفالت کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

مسعود ٹیکسٹائل ملز کے ناصر احمد ضیاء نے بتایا کہ اُن کی مل میں بڑی تعداد میں خواتین کام کر رہی ہیں جن کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے انہیں آن جاب تربیتی سہولتیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گارمنٹ کے شعبہ میں خواتین کی کارکردگی مردوں سے کہیں بہتر ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اس شعبہ کیلئے خواتین کو ترجیح دیتے ہیں ۔ اس موقع پر محترمہ تہمینہ پاشا کو بتایا گیا کہ بنگلہ دیش میں خواتین کو میٹرک تک مفت تعلیم دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی خواتین کو اس قسم کی سہولتیں مہیا کی جانی چاہیں۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محترمہ شاہدہ آفتاب اور ایگزیکٹو ممبر محترمہ نمرہ رحیم بھی موجود تھیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں