فیصل آباد میں کرونا کے حملے تھم نہ سکے، 9 مریض الائیڈ ہسپتال پہنچ گئے

منگل 27 اکتوبر 2020 19:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) فیصل آباد میں کرونا کے حملے تھم نہ سکے، کرونا سے متاثر ہونے والے 9کنفرم مریض الائیڈ ہسپتال پہنچ گئے جبکہ دو مشتبہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں، ہسپتال ذرائع کے مطابق الائیڈ ہسپتال کی آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج کرونا کے مشتبہ مریض کمالیہ کا 55 سالہ محمد ستار ولد حشمت علی اور حسن پورہ کی رہائشی 50 سالہ نسرین زوجہ عصمت علی دوران علاج ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی تھی اور رپورٹ آنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔

علاوہ ازیں الائیڈ ہسپتال کی آئسولیشن وارڈ میں 9 کنفرم مریض مقبولاں بی بی، محمد سلیم، لعل خان، راحیل وغیرہ زیرعلاج ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران کرونا کے 2 کنفرم مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ موسم تبدیل ہوتے ہی کرونا کے حملے تیز ہو گئے ہیں اور کرونا سے محفوظ رہنے کیلئے شہریوں کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں، ہاتھوں کو بار بار دھونا، سینی ٹائزر کا استعمال کریں، بازاروں اور رش والی جگہوں پر جانے سے احتراز کریں اور میل ملاپ کے دوران سماجی فاصلوں کو برقرار رکھیں تاکہ کرونا وائرس سے بچا جا سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں