فیصل آباد،محکمہ صحت کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں درجہ چہارم کے ملازمین کی کمی کو دور کرنے کیلئے نئے ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ

منگل 27 اکتوبر 2020 19:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء)محکمہ صحت کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں درجہ چہارم کے ملازمین کی کمی کو دور کرنے کیلئے نئے ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ضلع کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں درجہ چہارم کے ملازمین سینٹری ورکر، دائی، ڈرائیورز، پلمبرز، سیورمین اور دیگر چھوٹے ملازمین کی شدید کمی ہو رہی ہے اور پرانے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی آسامیوں کو پُر نہیں کیا جا سکا، جس پر محکمہ صحت کی طرف سے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو درجہ چہارم کے ملازمین کی کمی کو دور کرنے کے لیے نئے ملازمین بھرتی کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر محکمہ صحت نے کنٹریکٹ پر درجہ چہارم بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی کی منظوری ہو چکی ہے اور جلد درجہ چہارم پر بھرتیوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں