فیصل آباد سمیت تمام اضلاع کے لیبر افسران کوچائلڈ لیبر روکنے کیلئے کی گئی انسپکشن کی تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے صوبائی ہیڈکوارٹر کو ارسال کرنے کی ہدایت

بدھ 25 نومبر 2020 11:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2020ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام9ڈویژنز کے 36اضلاع کے لیبر افسران کو صنعتی یونٹس کی فوری چیکنگ اور چائلڈ لیبر روکنے کیلئے کی گئی انسپکشن کی تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے صوبائی ہیڈکوارٹر کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بعض مقامات سے ملنے والی چائلڈ لیبر کی شکایات کافوری ازالہ کیاجاسکے۔

محکمہ لیبر ویلفیئر فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ بعض مقامات پر چھوٹی و بڑی صنعتوں میں چائلڈ لیبر کا سلسلہ جاری ہے جس کی قواعد وضوابط کے مطابق قطعاً اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری لیبر پنجاب نے مذکورہ شکایات کا سختی سے نوٹس لیاہے اور تمام صنعتی بستیوں، چھوٹے و بڑے کارخانوں، فیکٹریوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے لیبر انسپکشن کی ہدایت کی ہے اور یہ عمل 31دسمبر تک مکمل کرکے اس کی تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کابھی حکم دیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہدایت نامہ میں کہاگیاہے کہ اگر اعلیٰ حکام کے صنعتی اداروں کے معائنہ اور سرپرائز چیکنگ کے دوران کسی جگہ پر کوئی بچہ چائلڈ لیبر کرتاہوا پایاگیا تو نہ صرف متعلقہ فیکٹری مالکان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائیگی بلکہ محکمہ لیبر ویلفیئر کے متعلقہ حکام کے ساتھ بھی کوئی رعائت نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام کامقصد کم عمر بچوں سے مزدوری کروانے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرناہے۔

انہوں نے فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے تمام چھوٹے وبڑے صنعتی اداروں کے مالکان کو بھی متنبہ کیاکہ وہ کسی کم عمر بچے کو اپنے اداروں میں ملازمت پر نہ رکھیں بصورت دیگر ان کیخلاف چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی کی روشنی میں سخت قانونی کاروائی کی جائے گی اور بعد ازاں کوئی عذرقابل قبول نہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں