الائیڈ ہسپتال میں کرونا سے متاثرہ مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے پر مزید 10 افراد کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کر کے علاج معالجہ شروع کر دیا گیا

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) کرونا کے حملے نہ تھم سکے، الائیڈ ہسپتال میں کرونا سے متاثرہ مزید دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے پر مزید 10 افراد کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کر کے علاج معالجہ شروع کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں کرونا کی علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال لائے جانے والے 63 سالہ عبدالرشید اور 59 سالہ فرزند علی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے متاثر ہونے والے مزید 10 مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کر کے علاج معالجہ شروع کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق یکم اکتوبر 2020ء سے اب تک فیصل آباد میں 699 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 321 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اس حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے حملے شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ انسداد کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور گھر سے نکلتے وقت فیس ماسک ضرور استعمال کریں تاکہ اس مرض سے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسرے بھی اس سے بچ سکیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں