فیصل آباد ، قومی اداروں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف فیسکو ریجن کے تمام شہروں میں احتجاج ، جلسے ،جلوس اور ریلیاں

محکمہ بجلی ملک کے تین کروڑ سے زائد صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین کو بجلی مہیا کرتا ہے اسکی پرائیویٹائزیشن کسی صورت قبول نہیں،مقررین

جمعہ 15 جنوری 2021 21:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) نجکاری کمیشن کے محکمہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، تھرمل پاورہائوسز اور ملک کے دیگر قومی اداروں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف فیسکو ریجن کے تمام شہروں میں مرکزی قیادت کے حکم پر احتجاج ، جلسے ،جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جس میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نجکاری کی مذمت کی اورکہا کہ محکمہ بجلی ملک کے تین کروڑ سے زائد صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین کو بجلی مہیا کرتا ہے جو کہ عوام کی بنیادی ضرورت ہے جس کی پرائیویٹائزیشن کسی صورت قبول نہیں۔

انھوں نے محکمہ بجلی کی نجکاری پر سخت تشویش کااظہار کیا اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو اچھے ماحول میں کام کرنے دیا جائے اور نجکاری کے خلاف آئے دن احتجاج میں نہ پڑنے دیا جائے اس سے محکمہ کے رزلٹ میں کمی آتی ہے ۔

(جاری ہے)

تمام ملازمین نے مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ہر حکم کی تعمیل کا اعادہ کیا۔اور حکومت وقت پر امید کا اظہار کیا کہ محترم وزیر اعظم پاکستان نجکاری نہیں کریں گے کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے کراچی الیکٹرک کو نجکاری کے حوالے کیا تھا اور رزلٹ سب کے سامنے ہے۔

انھوں نے مزید مطالبہ کیا کہ کسی بھی کمپنی کو نجکاری کے حوالے نہ کیا جائے بلکہ محترم وزیر اعظم صاحب پاکستان اپنی قیادت میں تمام اداروں میں اصلاحات پیدا کریں۔ تمام کمپنیوں میں یارڈسٹک کے مطابق سٹاف اور افسران کی کمی کو پورا کیا جائے ۔آئے دن دوران ڈیوٹی ہونے والے فیٹل اور نان فیٹل حادثات کی روک تھام کے لئے بہترین بکٹ کرین و دیگر چھوٹی گاڑیاں بمعہ مکمل ٹولز مہیا کیے جائیں ۔

ملازمین اور اُن کے گھر والوں کو صحت ،تعلیم ،رہائش اور دیگر مراعات دی جائیں۔ کمپنیوں کی یارڈسٹک قانون کے مطابق ہر دس سال بعد Reviseکی جائے اورتما م ملازمین کو سرکاری طور پر موٹر سائیکلز مہیا کی جائیں ۔محکمہ پولیس، صحت و دیگر اداروں کی طرح فیول اور مینٹینس کا خرچہ مقر ر کیا جائے ۔بھرتی میں تاخیر کی صورت میں ہر کیڈر میں ڈیلی ویجز بھرتی کر لی جائے۔

پہلے سے ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔ٹی اے /ڈی اے ، آف ڈے ویجز ،میڈیکل بلز وغیرہ ، میٹر ریڈر، بل ڈسٹری بیوٹر پیس کے لیے آف ورک اور سینپ الاونس کی ادائیگی ماہانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی ، ترقی ،دوران سروس شہادت پانے والے ملازمین اور شہداء افواج پاکستان کے لیے دعا کی گئی اور اس بات کا عہد کیا گیا کہ ہم سب کومرکزی یونین اور جناب حاجی خورشید احمد اور اُن کی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے اورہم اُن کے ہر حکم کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں