فیصل آباد، فیسکو حکام نے صارفین کو نئے کنکشن کیلئے نیا طریقہ کار وضع کرنے کے احکامات جاری کردیئے

پیر 18 جنوری 2021 23:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2021ء) فیسکو حکام نے صارفین کو نئے کنکشن کیلئے نیا طریقہ کار وضع کرنے کے احکامات جاری کردیئے تاکہ ٹرانسفارمر پر لوڈ کم کرکے خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔جنرل مینجر اپریشن فیسکو کی طرف سے جاری ہونیوالے احکامات میں فیسکو ایس ای اپریشن کو کہاگیا ہے مختلف سب ڈویژن میں ٹرانسفارمر خراب ہونے سے بجلی کے تعطل ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں اور عملہ کی معمولی سی کوتاہی اور لاپرواہی کے سبب ٹرانسفارمر خراب ہونے سے فیسکو کو بھاری نقصان ہو رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے نئے ایس او پیز پر عمل کریں اور کسی بھی سب ڈویژن میں بجلی کے نئے کنکشن دینا مقصود ہو تو پہلے مذکورہ سب ڈویژن میں نصب ٹرانسفارمر کی کیپسٹی اور کنکشن کی تعداد کو دیکھا جائے اور اگر موجودہ ٹرانسفارمر پر پہلے ہی کیپسٹی سے لوڈ زیادہ ہو تو اسکی ایل ٹی چین تیار کی جائے اور اس علاقہ میں لوڈ مینجمنٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ ٹرانسفارمر کے جلنے اور خراب ہونیکی شکایات کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کسی بھی علاقہ میں جمپر کی تبدیلی اور ڈی فیوز خراب ہونیکی صورت میں لائن مین (فیسکو پروفارما)کے مطابق اپنے متعلقہ ایس ڈی او اوردیگر افسران کو مطلع کرنیکا پابند ہوگا جبکہ اگر کسی سب ڈویژن میں ٹرانسفارمر خراب ہو تو متعلقہ ایس ڈی او موقع پر جا کر خراب ہونیکی وجوہات کا تعین کرے گا اور ایل ٹی لائن کے مطابق لوڈ مینجمنٹ اور ٹرانسفارمر کی تبدیلی کرنے بارے میں اجازت لے گا اور صارفین کو نئے کنکشن دینے کی نئی ہدایات پر عمل پیرا نہ ہونیوالے افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں