فیصل آباد، 4سکولوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا

منگل 26 جنوری 2021 17:35

فیصل آباد۔26جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26جنوری2021ء) :فیصل آبادضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں میں کورونا کے پھیلاؤ کے باعث ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی سفارشات پرچارسکولوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے منگل کے روز بتایا کہ ان سکولوں میں مجموعی طور پر14 سے 17 سال تک کے 14 طالبعلم کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں 11 طلبا اور 3 طالبات شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جن سکولوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایاگیا ہے ان میں گورنمنٹ ہائی سکول تحصیل جڑانوالہ، گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 تحصیل سمندری،گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول چک 202 رب گٹی اور گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول علامہ اقبال روڑ شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں طالب علموں کی رینڈم سیمپلنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ امین ٹاؤن اور چک 191 رب فیصل آباد میں بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث سمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلی سے زیادہ خطرناک ہے لہٰذا شہری اور خصوصاً طلبا و طالبات انتہائی زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کریں۔دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصل آبادسید ایوب بخاری نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ڈائنگ فیکٹری کو سیل کردیا۔انہوں نے اطلاع ملنے پر عبداللہ پور میں اللہ والا ڈائنگ فیکٹری کو چیک کیا جہاں بڑی تعداد میں ورکرز بغیر فیس ماسک اور سماجی فاصلہ کے بغیر ورکنگ میں مصروف تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے پیڈو ایکٹ کے تحت فیکٹری کو سیل کرادیا۔اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر صدرفیصل آباد عمر مقبول نے منگل کے روزچک191 رب ملووانی ہرلان کا دورہ کرکے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو چیک کیاجہاں ایک گلی میں گھر سے کورونا کے 8 افراد پازیٹوپائے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے ریونیو سٹاف، ہیلتھ، پولیس اور نمبردار کو لوگوں کے دوبارہ سیمپلز لینے کی تاکید کی۔انہوں نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے مقام کی مسلسل انسپکشن کی تاکید کی اور کہا کہ سمارٹ لاک کا مقصد علاقہ میں لوگوں کی آمدورفت کو محدود کرنا ہے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں