حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں کے فوائد حقیقی معنوں میں صارفین تک پہنچانے کیلئے جامع اور موثر اقدامات کئے ،تیمور خاں بھٹی

صوبائی وزنے رمضان بازاروں میں مختلف سٹالز پر پھلوں، سبزیوں،گوشت،دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا

جمعہ 7 مئی 2021 23:00

فیصل آباد /مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) صوبائی وزیر کھیل وامورنوجوانان رائے تیمور خاں بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں کے فوائد حقیقی معنوں میں صارفین تک پہنچانے کے لئے جامع اور موثر اقدامات کئے جن کی بدولت عام آدمی کو معاشی ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔انہوں نے یہ بات مختلف علاقوں میں رمضان بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر محمدعلی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)فضل ربی چیمہ،اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول، سید ایوب بخاری اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیرنے ریاض شاہد چوک اسلام نگر، فیضان مدینہ چوک سوساں روڑ کے رمضان بازاروں میں مختلف سٹالز پر پھلوں، سبزیوں،گوشت،دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خریداری میں مشغول خواتین و حضرات سے رمضان بازاروں کی افادیت و انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب نے ماہ صیام میں عوامی سہولت و بچت کے لئے صوبہ بھر میں رمضان بازارلگائے جن میں روزہ مرہ استعمال کی معیاری اشیا ارزاں نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں جو موجودہ حکومت کی عوام دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر اربوں روپے کی سبسڈی سے مختلف اشیا 60 روپے فی کلو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں جبکہ 10 کلو گرام آٹے کا تھیلہ 375روپے اور صارفین کو چینی 65 روپے فی کلوکے حساب سے میسر ہے۔

انہوں نے رمضان بازاروں کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شاندار انتظامات پورا مہینہ برقرار رکھے جائیں۔صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں میں بزرگ و معذور شہریوں اور خواتین کے لئے انتظار گاہ کے آرام دہ انتظامات سیکورٹی،ریسکیو سروسز، میڈیکل کیمپ،شکایت سنٹر ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامات کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 19رمضان بازاروں کااہتمام کیا گیا ہے جن میں اشیا کی بلاتعطل سپلائی اوردیگر انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سستی چینی کی زیادہ طلب کی بنا پر دستیاب کوٹہ کو موثر حکمت عملی کے تحت بروئے کار لایاجارہا ہے تاکہ کوئی صارف چینی کے حصول کے بغیر نہ رہے۔انہوں نے بتایا کہ عام مارکیٹوں میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رکھا گیا ہے جن کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں