ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس

کمشنر نے منصوبوں کے انتظامی،فنی وتکنیکی امور کا جائزہ لیتے ہوئے لوکل گورنمنٹ فیصل آباد کی پانچ سکیموں کے تخمینہ جات کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی

جمعہ 7 مئی 2021 23:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2021ء) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈویژنل کمشنر ثاقب منان کی صدارت میں ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر جاوید،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید افتخار اولکھ،ڈی جی پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیعہ کے علاوہ لوکل گورنمنٹ،ہائی ویز اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران کمشنر نے منصوبوں کے انتظامی،فنی وتکنیکی امور کا جائزہ لیتے ہوئے لوکل گورنمنٹ فیصل آباد کی پانچ سکیموں کے تخمینہ جات کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گوجرہ اور کمالیہ میں ورلڈ بینک کی دو سکیموں،فیصل آباد میں ہائی ویز کی دو سکیموں،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ایک سکیم پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو بلاتاخیر ترقیاتی کام شروع کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ افسران موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی مراحل کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کمشنر نے فیصل آباد شہر کی بیوٹیفیکیشن کی سکیم کو قابل عمل بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے سے کہا کہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے سکیم کے بارے میں تفصیلی مشاورت کرکے پلان پیش کریں تاکہ دستیاب فنڈز کو دانشمندانہ انداز میں بروئے کار لاکر شہر کی خوبصورتی کے حقیقی نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں