صوبائی حکومت امن و امان کی بحالی میں ناکام ہو چکی ہے، جماعت اسلامی فیصل آباد

پولیس کو وزراء کی پروٹوکول ڈیوٹیوں پر لگا کر عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،بم دھماکے نے پوری پاکستانی کو قوم سوگوار کردیاہی:ضلعی رہنمائوں کی لاہور میں المناک دہشتگردی کی مذمت، بے گناہ شہریوں کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہار

بدھ 23 جون 2021 23:08

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2021ء) جماعت اسلامی کے راہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،انجینئرعظیم رندھاوا،میاںطاہرایوب نے لاہور میں ہونے والی دہشت گردی کی المناک واردات میں پولیس ملازم سمیت بے گناہ شہریوں کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان کی بحالی میں ناکام ہو چکی ہے،پولیس کو وزراء کی پروٹوکول ڈیوٹیوں پر لگا کر عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،بم دھماکے نے پوری پاکستانی کو قوم سوگوار کردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کے فرائض میں شامل ہے ۔ حکمران خود تو سیکورٹی کے حصار میں حکمرانی کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ عوام کو درندوں اور ٹارگٹ کلرز کے حوالے کر دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ درندگی کا بدترین مظاہرہ ہے جس پر ہر دردمند اور محب وطن پاکستانی تڑپ اٹھا ہے۔ سارا پاکستان ایک مرتبہ پھر سوگ میں ڈوب گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں اور اس کے لئے دشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ ملک و قوم کو متحد ہو کر تمام سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔بھارت ،اسرائیل اور امریکہ پاکستان کی آزادی ،خود مختاری اور سلامتی کے خلاف آپس میں گٹھ جوڑ کر چکی ہیں جن کا مقصدمقصد ملک میں انارکی اور انتشار پھیلانا ہے لیکن د شمنوں کے ناپاک عزائم کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حق حکمرانی کھو چکی ہے،جو حکمران اپنے عوام کا تحفظ نہ کرسکیں انہیں حکومت کرنے کا کوئی اختیار نہیں،بے گناہ شہری روزانہ مر رہے ہیںمگر حکمرانوں کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی۔ ملک میں ہر جگہ خوف کا عالم ہے،خون خرابہ معمول بنتاجا رہا ہے۔پوری قوم شدید عدم تحفظ کا شکار ہے۔ حکمران سب کچھ جانتے ہوئے بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور میں بیٹھ کر دعوے کرنے والے حکمران اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ ملک کے حالات بہت ہی پریشان کن ہیں۔ عوام کو جان و مال کا تحفظ دینا ہوگا وگرنہ عوام بپھر کر سڑکوں پر نکلیں گے جنہیں کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنائیں ۔حکومت بم دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی خاطر خواہ مالی امدادکرے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں