حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کافیصل آباد کا دورہ ،محرم الحرم کے حوالے سے ڈویژنل وضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان سے ملاقات

فرقہ وارانہ منافرت، اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کی روش شریعت اسلامیہ کے احکام کے منافی اورفساد فی الارض اور قومی و ملی جرم ہے،تمام مسالک کے علما انتہا پسندانہ سوچ اورشدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے ہیں،محرم الحرام میں سوشل میڈیا پرنفرتیں پھیلانے والے مواد کو روکنے کیلئے قانون حرکت میں آئیگا،چیئرمین پاکستان علما کونسل

جمعرات 29 جولائی 2021 21:16

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کافیصل آباد کا دورہ ،محرم الحرم کے حوالے سے ڈویژنل وضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان سے ملاقات
فیصل آباد/مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل،متحدہ علما بورڈ و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے مذہبی ہم آہنگی ومشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور کمشنر آفس میں متحدہ علما بورڈ کے ارکان کے ہمراہ ڈویژنل وضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان سے محرم الحرام میں امن کے قیام کے حوالے سے ملاقات کی۔

ڈویژنل کمشنر ثاقب منان،آرپی او راجہ رفعت مختار،ڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او سہیل چوہدری اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں سید ضیا اللہ شاہ،مفتی محمد ضیا مدنی،مولانا رفیق جامی،مولانا عرفان لغاری، علامہ طاہر الحسن،مولانا محمد یوسف انور،پیر فیض رسول رضوی،مولانا ریاض کھرل،ڈاکٹر افتخارنقوی،ڈاکٹر ممتاز حسین اورڈویژنل وضلعی امن کمیٹیز کے دیگرارکان بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین متحدہ علما بورڈ نے اجلاس کے آغاز پرفیصل آبادڈویژن میں امن وامان کی مثالی فضا کو قائم رکھنے میں انتظامیہ وپولیس اور علما کرام کی جاری کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے پیغام پاکستان کی روشنی میں 14 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جسے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق کا نام دیا گیا ہے جس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت، اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کی روش شریعت اسلامیہ کے احکام کے منافی اورفساد فی الارض اور قومی و ملی جرم ہے، تمام مسالک کے علما انتہا پسندانہ سوچ اورشدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا محرم الحرام میں سوشل میڈیا پرنفرتیں پھیلانے والے مواد کو روکنے کیلئے قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حساس ایام میں امن وبھائی چارے،اتحاد واتفاق کی فضا کو تقویت دیں اور محراب ومنبر سے برداشت کے جذبات کو پروان چڑھا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ صوبہ بھرکی ڈویژنز کے دورے کرکے محرم الحرام کے حوالے سے علما کرام سے ملاقات کررہا ہے۔انہوں نے علما کرام کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا۔

ڈویژنل کمشنراور آرپی او نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ منافرت پیداکرنے کی کوششیں کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گااورامن کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل،ضلعی وپولیس انتظامیہ امن وامان برقراررکھنے میں موثر کردارکی حامل امن کمیٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جن کے تعاون سے کسی بھی مذہبی مسئلہ کو فوری حل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم تک ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوگااوردرپیش چیلنجز کو مل کر سلجھائیں گے۔ڈپٹی کمشنرفیصل آباد نے کہا کہ الحمداللہ ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی خوشگوارفضا قائم ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علما کرام کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان کی طرف سے بعض مسائل کے فوری حل کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ علما کرام معاشرے کا وہ ممتاز اور اہم ترین طبقہ ہیں جن کی رہنمائی سے لوگوں کی اصلاح ہوتی ہے لہذا وہ بھائی چارے،صبروتحمل اور برداشت کی ترغیب کا عمل جاری رکھیں۔

سی پی او نے کہا کہ بعض مذہبی مسائل کو افہام وتفہیم سے حل کرانے کا کریڈٹ امن کمیٹی کو جاتا ہے اور پائیدار امن کے لئے ان کی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ جن انتظامی وحفاظتی امور میں کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔امن کمیٹیز کے ارکان نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ مسائل کا پیشگی حل ہی سمجھداری ہے تاکہ کسی متنازعہ کا احتمال نہ رہے۔

اس سلسلے میں امن کمیٹیز کے علما کرام ہمہ وقت متحرک ہیں اور اللہ تعالی کے فضل وکرم سے محرم پرسکون گزرے گا۔انہوں نے بعض مقامات پر سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے مختلف مسائل کی نشاندہی اورافواہوں کی روک تھام کے لئے سخت ترین اقدامات کرنے پر زور دیا۔آخر میں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی اورملک واسلام دشمنوں سے بچا کے لئے اللہ تعالی کی مددکی خصوصی دعا کی گئی۔

نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سرکٹ ہاس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر کے علما کرام اورانتظامیہ سے ملاقات کی ہے جنہوں نے اعلان کیا ہے کہ شر پھیلانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرناغیر اسلامی عمل ہے،آئین، قانون اور مذہب نے جو آزادی دے رکھی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام انشا اللہ امن و امان سے گزرے گا اور ملک میں سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمنان پاکستان کی انتشار پھیلانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا فتنہ پھیلانے کے لئے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔موجودہ حکومت نے عرب اور اسلامی دنیا کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت بخشی ہے کویت کے ساتھ تعلقات 11 سال بعدبحال ہوئے ہیں اور بہت جلد دیگر عرب ممالک کے وفود بھی پاکستان آئیں گے۔اس موقع پر علامہ طاہر الحسن نے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کی دعا کرائی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں